اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی تعلیمی بورڈ میں تعلیمی قیادت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تعلیمی اداروں میں مؤثر گورننس کے فروغ کے لئے ’’کیپسٹی بلڈنگ آف اکیڈمک لیڈرز‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی پروگرام کا مقصد تعلیمی اداروں سے وابستہ پرنسپلز اور ڈائریکٹرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ، اکیڈمک لیڈرشپ کو مضبوط بنانا اور ادارہ جاتی بہتری کے …
وفاقی تعلیمی بورڈ میں تعلیمی قیادت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تعلیمی اداروں میں مؤثر گورننس کے فروغ کے لئے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی تعلیمی بورڈ میں تعلیمی قیادت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تعلیمی اداروں میں مؤثر گورننس کے فروغ کے لئے ’’کیپسٹی بلڈنگ آف اکیڈمک لیڈرز‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی پروگرام کا مقصد تعلیمی اداروں سے وابستہ پرنسپلز اور ڈائریکٹرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ، اکیڈمک لیڈرشپ کو مضبوط بنانا اور ادارہ جاتی بہتری کے جدید اصولوں سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔پروگرام میں پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر، چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک، چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح، ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل بورڈ حافظ محمد بشارت اور سیکرٹری فیڈرل بورڈ فاطمہ طاہرہ سمیت دیگر ممتاز تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرح ناز اکبر نے کہا کہ مضبوط تعلیمی قیادت قومی ترقی کی بنیاد ہے اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے وژنری اور تربیت یافتہ قیادت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام تعلیمی نظام میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے تعلیمی گورننس میں بہتری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی نظم و نسق کو جدید خطوط پر استوار کیے بغیر معیارِ تعلیم کو بہتر نہیں بنایا جا سکتا۔چیئرمین پیرا ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ تربیت یافتہ قیادت کے بغیر تعلیمی معیار کو برقرار رکھنا ممکن نہیں جبکہ حافظ محمد بشارت نے ادارہ جاتی بہتری کے ذریعے تعلیمی معیار بلند کرنے پر زور دیا اور تعلیمی سربراہان کو جدید تعلیمی رجحانات اپنانے کی تلقین کی۔
تربیتی پروگرام کے انعقاد میں پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے مرکزی صدر حافظ محمد بشارت، سینئر نائب صدر شاہ ویز راجہ، صدر راجہ خالد، جنرل سیکرٹری ملک وقار اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ عہدیداران نے نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور سربراہان کی پیشہ وارانہ تربیت کے لئے آئندہ بھی ایسے پروگرامز کے تسلسل کے عزم کا اظہار کیا۔ورکشاپ میں ملک بھر سے 150 نجی تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
مختلف سیشنز میں اکیڈمک لیڈرشپ، ادارہ جاتی بہتری، تعلیمی نظم و نسق اور معیارِ تعلیم سے متعلق عملی رہنمائی فراہم کی گئی۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ منتظمین کے مطابق اس نوعیت کے تربیتی پروگرام تعلیمی شعبے میں مثبت تبدیلی، مضبوط قیادت اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے نہایت اہم ہیں اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔








