اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، جنوب مشرقی سندھ اور شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹوں کے دوران سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش /بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، کراچی سمیت زیریں سندھ اور شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
اس دوران سب سے زیادہ بارش جوہرآباد میں 55، چکوال 25، نور پور تھل19، مری5، اسلام آباد ائرپورٹ 3، مالم جبہ 40، بالاکوٹ 38، دیر 2، کوٹلی 32، مظفر آباد (سٹی 2، ایئر پورٹ ایک)، راولاکوٹ ایک، سکرنڈ 12، میرپورخاص 5، کراچی (مسرور بیس4، ڈی ایچ اے فیز ٹو 3، اورنگی ٹائون 2، کیماڑی،کورنگی، اولڈ ایریا، فیصل بیس ایک)، ٹنڈو جام 3، حیدر آباد (سٹی، ایئر پورٹ ایک)، سبی 5 اور لسبیلہ میں 3 ملی میٹر بارش ر یکارڈ کی گئی۔
جمعہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق نوکنڈی میں درجہ حرارت 46، سبی، تربت 44 اور جیکب آباد میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔