اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):رمضان المبارک میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مفت افطار دسترخوان کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا جا رہا ہے جہاں مزدور، یوم اجرت پر کام کرنے والے افراد، مسافروں اور بے گھر افراد سمیت سینکڑوں پسماندہ افراد کو روزانہ افطاری اور سحری فراہم کی جا رہی ہے۔مقامی مخیر حضرات، مساجد اور غیر منافع بخش تنظیموں کے زیر اہتمام ان دسترخوانوں کا مقصد رمضان المبارک کے …
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مفت افطار دسترخوانوں کا بڑے پیمانے پر اہتمام

مزید خبریں
اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):رمضان المبارک میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مفت افطار دسترخوان کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا جا رہا ہے جہاں مزدور، یوم اجرت پر کام کرنے والے افراد، مسافروں اور بے گھر افراد سمیت سینکڑوں پسماندہ افراد کو روزانہ افطاری اور سحری فراہم کی جا رہی ہے۔مقامی مخیر حضرات، مساجد اور غیر منافع بخش تنظیموں کے زیر اہتمام ان دسترخوانوں کا مقصد رمضان المبارک کے دوران ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔ایف – 8 سیکٹر جامع مسجد رحمت للعالمین سینٹر کے ترجمان محمد مراد نے اس حوالہ سے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسجد میں گزشتہ پانچ سال سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں، مزدوروں اور مسافروں کے لیے ہر رمضان میں مفت افطار دسترخوان کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں روزانہ تقریباً 250 افراد کی خدمت کی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد معاشرے کے مستحق افراد کی مدد کرنا ہے ۔ مزید برآں روزانہ افطار کے علاوہ مسجد میں اخلاقی اور اسلامی تعلیمات پر مرکوز خصوصی مذہبی لیکچرز کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
افطار دسترخوان پر نہ صرف افطاری کے لیے کھانا فراہم کیا جاتا ہے بلکہ احترام کا ماحول بھی فراہم کیا جاتا ہے اور مہمانوں کی عزت نفس کاخیال رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیونٹی رضاکار کھانے کی تیاری اور تقسیم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں جو اتحاد، ہمدردی اور خدمت کے مضبوط جذبے کی عکاسی ہے۔ محمد مراد نے اس بات پر زور دیا کہ مسجد اس نیک مقصد کو جاری رکھنے اور آئندہ سالوں میں مستحق افراد کی خدمت کے لیے اپنے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔نوجوانوں کی قیادت میں کام کرنے والی ایک سرکردہ رضاکار تنظیم کے بانی عتیق آفریدی نے کہا کہ ہماری ٹیم گزشتہ نو سال سے جی-9 میں رمضان مہربان، مفت افطار دسترخوان کا اہتمام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ردعمل زبردست رہا ہے جبکہ دسترخوان میں معروف یونیورسٹیوں کے مقامی اور بین الاقوامی طلباء رضاکاروں کے طور پر فعال طور پر حصہ لے رہے ہیں۔
افطار دسترخوان پرروزانہ تقریباً 400 سے 500 افراد کی خدمت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا یہاں پر مزدور، موٹر سائیکل سوار، ٹیکسی ڈرائیور اور دیگر افراد روزہ افطار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مینو میں کھجور، کیلے، پکوڑے، سموسے، چکن قورمہ، نان، روٹی، حلوہ اور کبھی کبھار زردہ شامل ہوتا ہے ۔ افطار دسترخوان کے لیے دوست اورمخیر حضرات بھر پور فنڈنگ کرتے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضرورت مندوں کو کھانا کھلانا اسلام میں صدقہ جاریہ سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ اس نیک مقصد میں اپنا حصہ ڈالیں۔ یہاں پر افطاری کرنے والے لوگ ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور مدد کے لیے ہماری طرف دیکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے وطن اور انسانیت کی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔غیر منافع بخش تنظیم ہیلپنگ ہینڈز کے سی ای او شارک نے کہا کہ ہم گزشتہ چھ سال سے ایف- 11 میں مفت افطار دسترخوان کا اہتمام کر رہے ہیں۔ اپنی سالانہ روایت کو جاری رکھتے ہوئے،
فاؤنڈیشن ایک بار پھر رمضان المبارک میں مفت افطار دسترخوان کا اہتمام کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پسماندہ افراد، خاص طور پر بیوہ خواتین کو راشن کی فراہمی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ احترام کے ساتھ رمضان منا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کے لیے اپنی امداد کو صرف رمضان کے مہینے تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ ہمیں پورا سال مدد کرنی چاہیے۔ افطار فراہم کرنا واقعی ایک بہت بڑا صدقہ ہے لیکن حقیقی کامیابی انسانیت کی خدمت کو ہماری مسلسل ذمہ داری بنانے میں مضمر ہے۔انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہمار ی تنظیم اسی عزم اور جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت اور ضرورت مندوں کی مدد کے مشن کے تحت اپنی کوششوں کو جاری رکھے گی۔گزشتہ دس سال سے سرگرم رضاکار فاطمہ نے اس اقدام کا حصہ بننے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں دوسروں کی خدمت کرنے میں بے حد اطمینان محسوس کرتی ہوں اور مستقبل میں بھی انسانی ہمدردی کی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالتی رہوں گی ۔
بحریہ یونیورسٹی کی ایک رضاکار اور طالبہ اوشین لی نے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا حصہ بننا دلی اطمینان کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کی مہربانی اور سخاوت متاثر کن ہے۔ انہوں نے اس نے رضاکارانہ کام میں مصروف رہنے کا عہد کیا۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اور روزانہ 1,200 سے 1,500 روپے کے درمیان کمانے والے ایک مزدور کلیم نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے خاندان کے لیے واحد کمانے والا ہوں۔ یہ دسترخوان مجھے دوسری ضروریات کے لیے پیسے بچانے میں مدد کرتا ہے جو واقعی اس مشکل وقت میں ایک راحت ہے۔
انہوں نے مفت کھانے کا اہتمام کرنے والوں کے لیے دعا بھی کی۔ مفت افطار دسترخوان کے اقدام میں شامل ایک مخیر شخص نے اس طرح کی خیراتی کوششوں کے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے شرکا کی بڑھتی ہوئی تعداد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ضرورت مندوں کے لیے ایک بڑی راحت ہے اور ہم اس خدمت کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔








