وفاقی دارالحکومت میں چار نئے کالج بنائے جائیں گے،اسد عمر

81
پوری دنیا سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے ملکی مفادات پر سودا نہیں ہو گا، پی ڈی ایم سردی کی بیماری ہے، وفاقی وزیر اسد عمر

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں چار نئے کالج بنائے جائیں گے، پہلے سے موجود سکولوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے دس کروڑ گیلن پانی کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ جمعہ کو وہ جی 13 میں اسلام آباد ماڈل کالجز برائے گرلز کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اسلام آباد کے شہریوں کی محرومیوں کو دور کرے گی، پیسہ کھائے بغیر بھی عوام پر لگایا جا سکتا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ اس سال 150 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے اسلام آباد کے لئے شروع کئے گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں پانی کی کمی پر قابو پانے کے لئے دس کروڑ گیلن پانی کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے جبکہ دارالحکومت میں چار نئے کالجز بنائے جائیں گے، یہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جو کہ پورا کیا جا رہا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ مقامی نوکریوں میں 50 فیصد کوٹہ اسلام آباد کے شہریوں کا ہو گا۔ انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہری اس کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، کورونا وائرس اللہ کی طرف سے ایک امتحان ہے، احیتاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔