وفاقی محتسب کا فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی شکایات پر نوٹس، تمام رہائشی منصوبوں کی ٹائم لائن طلب

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):وفاقی محتسب سید اعجاز احمد قریشی نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے ) کے خلاف بڑھتی ہوئی عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی معائنہ ٹیم اتھارٹی کے دفتر بھیج دی۔ ٹیم نے شکایات کا جائزہ لے کر ابتدائی رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کر دی ہے۔ ترجمان دفتر وفاقی محتسب کے مطابق سینئر ایڈوائزر احمد فاروق کی سربراہی …

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):وفاقی محتسب سید اعجاز احمد قریشی نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے ) کے خلاف بڑھتی ہوئی عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی معائنہ ٹیم اتھارٹی کے دفتر بھیج دی۔ ٹیم نے شکایات کا جائزہ لے کر ابتدائی رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کر دی ہے۔

ترجمان دفتر وفاقی محتسب کے مطابق سینئر ایڈوائزر احمد فاروق کی سربراہی میں معائنہ ٹیم جس میں پرویز حلیم راجپوت، خالد سیال اور جمیل احمد شامل تھے،نے گزشتہ روز ایف جی ای ایچ اے دفتر میں متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ شہریوں نے شکایت کی کہ اتھارٹی کے متعدد رہائشی منصوبے غیر معمولی تاخیر کا شکار ہیں، بعض منصوبوں کو 14 سے 15 سال گزرنے کے باوجود پیشرفت نہیں ہو سکی۔وفاقی محتسب نے اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ تمام رہائشی منصوبوں کی باقاعدہ ٹائم لائن فراہم کی جائے۔

جن الاٹیوں نے مکمل اقساط جمع کرا دی ہیں ان پر کوئی سرچارج نہ لگایا جائے،تمام منصوبوں کی ماہانہ ا پ ڈیٹ رپورٹ ویب سائٹ پر جاری کی جائے۔ایف-14 اور ایف-15 کے ایسے الاٹیوں کے ورثا کو تین ماہ کی اضافی مہلت دی جائے جنہیں 15 جنوری 2026 تک قسط جمع کرانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔دورے کے دوران معائنہ ٹیم نے متعدد شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے جبکہ کچھ شکایات کنندگان کے نام الاٹیوں کی فہرست میں شامل کراتے ہوئے فوری ریلیف بھی فراہم کیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن ظفر اقبال نے معائنہ ٹیم کو یقین دہانی کرائی کہ ایف-14 اور ایف-15 میں پلاٹس سے محروم رہ جانے والے الاٹیوں کو جلد شروع کئے جانے والے نئے سیکٹرز میں ترجیحی بنیادوں پر پلاٹس الاٹ کئے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اتھارٹی کے تمام رہائشی منصوبوں پر مارچ 2026 تک کام شروع کر دیا جائے گا۔گرین انکلیو-II کے الاٹیوں کو دسمبر 2027 تک قبضہ فراہم کر دیا جائے گا۔جی-13 لائف سٹائل اپارٹمنٹس کا 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ پروجیکٹ کے کمرشل ایریا سے حاصل ہونے والی آمدن سے الاٹیوں کو رعایت دی جائے گی اور منصوبہ مارچ 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔وفاقی محتسب نے کہا کہ عوام کی شکایات کے فوری ازالے اور تاخیر سے متاثرہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے، تاکہ سرکاری ملازمین اور دیگر شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید خبریں