وفاقی محتسب کا ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے اہم اقدام ،گاڑیوں کی چیکنگ اور کلیئرنس کے لیے ایس او پیز تیار

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر پاکستان تحفظ ماحولیات ایجنسی (ای پی اے) اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے گاڑیوں کی ماحولیاتی چیکنگ اور کلیئرنس کے لیے ایس او پیز تیار کر کے وفاقی محتسب کو رپورٹ پیش کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں اور کاربن فضا کی آلودگی کا بنیادی سبب ہے جو انسانی صحت بالخصوص قلبی امراض …

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر پاکستان تحفظ ماحولیات ایجنسی (ای پی اے) اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے گاڑیوں کی ماحولیاتی چیکنگ اور کلیئرنس کے لیے ایس او پیز تیار کر کے وفاقی محتسب کو رپورٹ پیش کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں اور کاربن فضا کی آلودگی کا بنیادی سبب ہے جو انسانی صحت بالخصوص قلبی امراض کا باعث بنتا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے تیار کردہ ایکشن پلان کو دو مراحل مختصر مدتی (اٹھارہ ماہ) اور طویل مدتی (پانچ سال) میں تقسیم کیا گیا ہے۔ایس او پیز کے تحت ابتدائی مرحلے میں دھواں چھوڑنے والی اور ڈیزل گاڑیوں کی چیکنگ کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ، پرانی گاڑیوں، ٹرکوں اور ٹریکٹروں کی کلیئرنس پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ اسلام آباد کو آلودگی سے پاک شہر بنایا جا سکے۔

طویل مدتی منصوبے میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کی بھی تجویز شامل ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ای پی اے نے سال 09۔2008میں گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے نیشنل انوائرمنٹل کوالٹی سٹینڈرڈز (این ای کیو ایس) کے نام سے معیارات مرتب کیے تھے جن کے تحت اسلام آباد پولیس کے تعاون سے چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سال 25۔2024کے دوران ان معیارات کی خلاف ورزی پر 215 گاڑیوں کو جرمانے اور 32 گاڑیوں کو بند کیا گیا۔چند ہفتے قبل وفاقی محتسب نے شہریوں کی شکایات پر ڈی چوک اسلام آباد میں گاڑیوں کی ماحولیاتی کلیئرنس کے دوران لمبی قطاروں کا نوٹس لیتے ہوئے ای پی اے اور ضلعی انتظامیہ کے حکام کو طلب کیا تھا اور رجسٹرار محمد ثاقب خان کو انکوائری آفیسر مقرر کیا تھا۔ نوٹس کے بعد صورتحال میں بہتری آئی اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی واقع ہوئی

و،فاقی محتسب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مستقبل میں باہمی رابطے کے ذریعے گاڑیوں کی ماحولیاتی چیکنگ کے لیے مربوط نظام قائم کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ای پی اے اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاقی محتسب کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے آئندہ کے لیے جامع ایکشن پلان اور ایس او پیز تیار کر کے جمع کروا دیئے ہیں۔