وفاقی وزارت تعلیم نے اینیما فری سکولز مہم کا آغاز کر دیا

116

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے غیر سرکاری تنظیم اللہ والا ٹرسٹ کے تعاون سے اینیما فری سکولز مہم کا آغاز کر دیا۔ منگل کو وزارت تعلیم کے حکام نے بتایا کہ اس مہم کا آغاز وفاقی دارالحکومت کے ہائیر سیکنڈری سکولوں سے کیا گیا ہے، اس کا مقصد طلباء میں خون کی کمی جیسے امراض کا خاتمہ کرنا ہے، مہم کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جائے گاکہ طلباء میں بہترین صحت اور تعلیمی کارکردگی کیلئے ضروری غذائی اجزاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

مہم کے دوران طلباء کو آئرن سپلیمنٹس فراہم کئے جائیں گے جبکہ کھجوریں بھی تقسیم کی جائیں گی جن میں قدرتی طور پر آئرن کا وسیع ذخیرہ موجود ہوتا ہے۔ مہم کے دوران سال کے آخر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام سکولوں کو کور کیا جائے گا۔