وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے زیرِ اہتمام یومِ دفاع پر اسلام آباد میں تقریبات کا انعقاد

158
وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے زیرِ اہتمام یومِ دفاع پر اسلام آباد میں تقریبات کا انعقاد

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے زیرِ اہتمام یومِ دفاع کے موقع پر باوقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ماتحت محکموں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج اور اس کے عوام کی تاریخی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد کیا جس کا مقصد ہماری مسلح افواج اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔

وزارتِ تعلیم کے ماتحت اداروں بشمول انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی )، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای )، پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا)، فیڈرل بورڈ (ایف بی آئی ایس ای )، نیشنل کریکولم کونسل (این سی سی )، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی )، نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو )، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولوں (بی ای سی ایس)، نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے ) اور وزارت کے ماتحت کئی دیگر محکموں نے یومِ دفاع حب الوطنی کے جذبے سے منایا اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا

جن میں پرچم کشائی کی تقریبات، تقریری اور مضمون نویسی کے مقابلے، پینل ڈسکشنز، ملی نغموں کے مقابلے، مارچ پاسٹ، پینٹنگ کے مقابلے، قومی نقشہ فہمی اوریومِ دفاع کے حوالے سے منظر نگاہی پر مشتمل ڈرامے شامل تھے۔ یومِ دفاع پر وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سکس ٹو میں ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے یوم دفاع کی اہمیت اور بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان کی قدر کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

یوم دفاع کی ان تقریبات کا مقصد پاکستان کی نوجوان نسل کو تاریخ سے آگاہی دینا اور اپنی مسلح افواج کی غیر متزلزل لگن پر اعتماد کا اعادہ کرنا ہے۔ وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے پر تمام شرکاءاور منتظمین کا شکریہ ادا کرتی ہے۔