وفاقی وزراء علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے جماعت اسلامی کے وفد کی لیاقت بلوچ کی قیادت میں ملاقات

وفاقی وزراء علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے جماعت اسلامی کے وفد کی لیاقت بلوچ کی قیادت میں ملاقات

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے جماعت اسلامی کے وفد نے لیاقت بلوچ کی قیادت میں پٹرولیم ڈویژن میں ملاقات کی۔وفد کو حالیہ بحرانی صورتحال کے دوران ملک میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے جامع اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق پی اے آر سی او، پی آر ایل اور سینرجیکو سمیت بڑی ریفائنریوں کے سربراہان جبکہ پی ایس او اور اوگرا کے نمائندگان نے بھی وفد کو پٹرولیم شعبے کے آپریشنل انتظام اور ملک بھر میں ایندھن کی وافر فراہمی برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

وفد کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار بشمول سات روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی قیمتوں کے تعین کے نظام سے بھی آگاہ کیا گیا۔ علاقائی ممالک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ایندھن کی فراہمی کے انتظام کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیاجس میں بتایا گیا کہ پاکستان نے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں صورتحال کا نسبتاً بہتر انتظام کیا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے صارفین کے تحفظ اور ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے ہدفی ریلیف سکیم شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں، دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں اور چھوٹی کاروں کے لیے ہدفی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے جو پٹرولیم لیوی سے بھی زیادہ ہے۔انہوں نے زور دیا کہ مستقبل کا راستہ ہدفی سبسڈی ہے نہ کہ عمومی سبسڈی تاکہ حکومتی معاونت ان افراد تک پہنچے جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر بھی کام کر رہی ہے جس سے یورو فائیو معیار کے مطابق ایندھن کی پیداوار اور فرنس آئل کی پیداوار میں کمی ممکن ہوگی۔

اپ گریڈ شدہ ریفائنریوں سے پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ ہوگا جس سے درآمدی ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات پر پاکستان کا انحصار کم ہوگا اور مستقبل میں برآمدات کے امکانات پیدا ہوں گے۔وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں سے عالمی سطح پر ملک کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور براہ راست ٹیکسوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ معیشت کو مستحکم اور محصولات میں بہتری لائی جا سکے۔

جماعت اسلامی کے وفد نے دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں اور چھوٹی کاروں کے لیے حکومت کے ہدفی ریلیف اقدامات کاخیرمقدم کیا۔ لیاقت بلوچ نے ریلیف اقدامات کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ فوری ریلیف کے ساتھ ساتھ بنیادی مسائل کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں جن میں پٹرولیم لیوی میں کمی بھی شامل ہے۔وزراء نے وفد کو یقین دلایا کہ اس کی سفارشات وزیراعظم کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ملاقات میں توانائی کے تحفظ، صارفین کے مفادات کے تحفظ اور ملک کے پٹرولیم شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وسیع تر اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔