لاہور۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے دوست غلام مجتبی ٰکے والد پروفیسر طارق محمود مختصر علالت کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے،مرحوم کی نماز جنازہ حضرت میاں میر کے دربار کے احاطے میں ادا کی گئی ،جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ،لیگی رہنماؤں شہباز کھوکھر،بلال تارڑ ، معظم شیر کلو،توصیف شاہ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مرحوم سینئر صحافی عاصم نصیر کی خالہ زاد بہن کے خاوند تھے۔مرحوم نے بیوہ اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے صوفی بزرگ حضرت میاں میر رحمتہ اللہ علیہ کے دربار پر فاتحہ خوانی کی اور مزار پر چادر چڑھائی ۔اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی حکومت دن رات عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے،ایک جماعت ملک میں انتشار پھیلانے کی ناکام کوشش کر ر ہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے مہنگائی میں ریکارڈ کمی ریکارڈ ہوئی ہے،پی آئی اے کا یورپی روٹ اوپن ہونے سے نا صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ ملکی خزانے کو بھی فائدہ ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ملک کو سیاسی،سماجی اور سفارتی محاذ میں ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا تاہم وزیر اعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے بڑی محنت سے کام کر رہی ہے اور ان کوششوں سے پاکستان جلد ہی ہر میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔