وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا ترکیہ، شام اور دیگر ہمسایہ ممالک میں زلزلےسے تباہی پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ترکیہ، شام اور دیگر ہمسایہ ممالک میں زلزلے سے تباہی پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے تباہی کی شدت دنیا کی اجتماعی توجہ مانگ رہی ہے۔

پیر کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ترکیہ، شام اور دیگر ہمسایہ ممالک میں تباہ کن زلزلے میں بڑا جانی نقصان باعث رنج وغم ہے،متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا قدرتی آفات کے مقابلے کے لئے متحد نہ ہوئی تو کوئی بھی نہیں بچے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں متاثرہ ممالک کے عوام کے ساتھ ہیں۔اللہ تعالی جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراطلاعات نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعابھی کی۔