وفاقی وزیرا طلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 25 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیرا طلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحوں کے لئے جنت ہے، ملک کی 70سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ 175 ممالک کے لئے ای ویزہ متعارف کروا رہے ہیں ، سفارتی کارڈ کی مدت ایک سال سے بڑھا کر تین سال کردی ہے ، 50 ممالک کے لئے ویزہ آن ارائیول کی سہولت دے رہے ہیں، …

اسلام آباد ۔ 25 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیرا طلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحوں کے لئے جنت ہے، ملک کی 70سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ 175 ممالک کے لئے ای ویزہ متعارف کروا رہے ہیں ، سفارتی کارڈ کی مدت ایک سال سے بڑھا کر تین سال کردی ہے ، 50 ممالک کے لئے ویزہ آن ارائیول کی سہولت دے رہے ہیں، نئی ویزہ پالیسی سے پاکستان میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی، کوشش ہے کہ سیاح نئے پاکستان کی بنیاد بنیں، وزیراعظم عمران خان کی عزت سب پر فرض ہے ، ایوان کو مچھلی منڈی نہیں بننے دیں گے، چوہدری نثار کی ویزہ پالیسی سے پاکستان کو نقصان پہنچا، سندھ کے زردار ڈوب رہے ہیں ، سندھ کی عوام اور پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں، جن کے کپڑے سانحہ ماڈل ٹاﺅن سے خون آلود ہیں وہ اب ساہیوال واقعہ پر سیاست کررہے ہیں، شہبازشریف کے دور میں سب سے زیادہ ماروائے عدالت قتل ہوئے، شاہد خاقان عباسی گیس کے شعبے کو 157ارب روپے کا مقروض کرگئے ہیں۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے پانچ ماہ میں نئی ویزہ پالیسی متعارف کرانے کے لئے ملک کی 70سالہ تاریخ میں جو اہم قدم اٹھایا ہے ۔پاکستان سیاحوں کے لئے جنت ہے ، ترکی اور ملائیشیا سیاحت کے شعبہ سے بلین ڈالر حاصل کررہے ہیں ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سیاحت کے حوالے سے متعلقہ محکمے اور ایجنسی نے سرجوڑ کر نئی ویزہ پالیسی کے حوالے سے کام کیا ہے جس سے اب 175ممالک کو ای ویزہ جبکہ 50ممالک کو ویزہ آن آرائیول کی سہولت دی جارہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ برٹش امریکن پاسپورٹ رکھنے والے بھارتی باشندوں کو ویزہ آن آرائیول کی سہولت ہوگی۔ پاکستان کی نئی ویزہ پالیسی کے تحت ایاٹا کے پاس رجسٹرڈ ٹور آپریٹر زاستفادہ حاصل کرسکیں گے اور دنیا بھر سے گروپوں کی صورت سیاح پاکستان لا سکیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے قبل سفارتی کارڈ کی مدت ایک سال تھی جسے بڑھا کر تین سال کردیا گیا ہے۔ تبلیغ کے لئے ویزہ کی مدت 45دن جبکہ افغانستان سمیت دیگر اسلامی ممالک سے آنے والے طلبہ جو ڈگری سطح کی تعلیم کے لئے آتے ہیں ان کو 2سال کا ویزہ جبکہ ماسٹر سطح پر تعلیم کے لئے آنے والوں کو 4سال کے لئے ویزہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ویزہ پالیسی سے سیاحوں کو آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور اوپن کنٹونمنٹس جانے کے لئے این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صحافیوں کے لئے ویزہ کی سہولیات وزارت اطلاعات ونشریات دے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نئی ویزہ پالیسی سے پاکستان میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔ کوشش ہے کہ سیاح نئے پاکستان کی بنیاد بنیں ، فنانس پیکیج معاشی کنجی ہے۔ چاہتے ہیں کہ برآمدات میں اضافہ ہو جبکہ سیاحت کو فروغ حاصل ہو اور سیاح پاکستان کی تبدیلی میں اہم کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن نے وزیراعظم کی آمد پر ایوان میں جو رویہ اختیار کیا افسوسناک ہے ایک طرف یہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم ایوان میں نہیں آتے جب آئے تو اس وقت طعنے اور جملے کستے رہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو وزیراعظم کا احترام کرنا چاہئے ، ماضی کی حکومت نے معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔اب ہمیں معیشت کی بہتری کے لئے درس دیتے ہیں۔ انوہں نے کہا کہ جب شاہد خاقان عباسی وزیرپٹرولیم بنے تو اس وقت گیس کے شعبہ میں کوئی خسارہ نہیں تھا۔ جب وزارت چھوڑ کر گئے تو گیس کے شعبے کو 157ارب روپے کا مقروض کرکے گئے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ امریکی سینیٹر گراہم نے وزیراعظم عمران خان کے کردار کی تعریف کی ہے آج پاکستان افغانستان میں امن کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے ۔12سال بعد یو اے ای کے بادشاہ پاکستان آئے ،اب سعودی ولی عہد پاکستان آرہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم ایوان میں اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہتے تھے پہلی مرتبہ وزیراعظم کی موجودگی میں انتخابات 2018ءکے متعلق کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ، ماضی میں اسی حوالے سے کمیٹی کو بنانے میں چار سال کا وقت لگ گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اصولی طور پر پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی سربراہی شہباز شریف کو دینے کا مخالف تھا ، ایک شخص جو کوٹ لکھ پت جیل کا قیدی ہے اس کو کس طرح کمیٹی کی سربراہی دی جائے اور کس طرح پروڈکشن آڈر جاری کئے جائیں، اس حوالے سے وفاقی وزراءشاہ محمود قریشی ، پرویز خٹک اور سپیکر اسد قیصر نے کردار ادا کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب کی تحقیقات شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق کے لئے مذاق بن کر رہ گئی ہے۔ منسٹر کالونی میں رہ کر اتنا بڑا پروٹوکول لے رہے ہیں کہ سوچ بھی نہیں سکتے ۔ ان کا خاندان دھوکہ دے کر بیرون ملک چلا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو چلانا حکومت کی بھی اتنی ہی ذمہ داری ہے جتنی اپوزیشن کی ہے اگر اپوزیشن کا رویہ یہی رہا تو حکومت سے تعاون کی امید نہ رکھیں۔ جن کے کپڑے سانحہ ماڈل ٹاﺅن سے خون آلود ہیں وہ اب ساہیوال واقعہ پر سیاست کررہے ہیں۔ شہبازشریف کے دور میں سب سے زیادہ ماروائے عدالت قتل ہوئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی عزت سب پر مقدم ہے ہم بحیثیت جماعت حکومت ایوان کو مچھلی منڈی نہیں بننے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ چوہدری نثار کی ویزہ پالیسی پاکستان مخالف تھی جس سے پاکستان کو نقصان پہنچا ، آئی این جی اوز پاکستان میں اچھا کام کررہی ہیں ہم پاکستان میں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔آئی این جی اوز کو قواعد کے مطابق فارم دیا جائے گا اور پاکستان آنے کی اجازت دی جائے گی۔ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ کا دورہ وزارت کے مختلف کاموں کے حوالے سے تھا وزیراعظم سندھ جارہے ہیں، پاکستان اور سندھ کے عوام کو کوئی خطرہ نہیں ، سندھ کے زردار ڈوب رہے ہیں ، مارچ تک بہت سی چیزیں کلیئر ہوں گی۔افغانستان میں پاکستان کا کردار بہت اہم ہے اس حوالے سے پاکستان اپناکردار ادا کررہا ہے اور پاکستان امریکا تعلقات میں بھی بڑی تبدیلی آئے گی۔وزیراعظم عمران خان کو عالمی سطح پر بڑی پذیرائی ملی ہے اور عمران خان کی عزت میں بھی اضافہ ہوا۔