وفاقی وزیرخزانہ سے جر من سفیر کی ملاقات سیلاب زدگان کی معاونت کے لئے مکمل تعاون کا اعلان

222

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور جرمنی نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دوطرفہ دلچسپی کےتمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ جرمنی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل سے بدھ کو یہاں پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفرڈ گراناز نے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے جرمن سفیر کو پاکستان میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔ وزیرخزانہ نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات بالخصوص تجارت ، سرمایہ کاری اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیرخزانہ نے ملک میں کاروبار اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے سازگارماحول فراہم کررہی ہے اور جرمنی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔

وزیرخزانہ نے جرمنی کے سفیر کو پاکستان میں مون سون کی حالیہ بارشوں اور شدید ترین سیلاب سے جانی اور مالی نقصان کے بار میں بھی آگاہ کیا۔ جرمن سفیر نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں اضافے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

جرمنی کے سفیر نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر افسوس اور ہمدردی کااظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ جرمنی نے امدادی کارروائیوں میں پاکستان کےساتھ مکمل معاون فراہم کرے گا۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی اور فریقین نے مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کااعادہ کیا۔