وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے جرمنی کی سفیر انا لیپل کی ملاقات، سفیر کی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری پر مبارکباد

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے منگل کویہاں پاکستان میں جرمنی کی سفیر انا لیپل نے ملاقات کی ، جرمنی کی سفیر نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری پر وزیرخزانہ کو مبارکباد دی۔جرمن سفیر نے علاقائی جغرافیائی و تزویراتی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معاشی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا اورکہا کہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے پاکستان کے …

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے منگل کویہاں پاکستان میں جرمنی کی سفیر انا لیپل نے ملاقات کی ، جرمنی کی سفیر نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری پر وزیرخزانہ کو مبارکباد دی۔جرمن سفیر نے علاقائی جغرافیائی و تزویراتی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معاشی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا اورکہا کہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے پاکستان کے معاشی مستقبل اور اصلاحات کے اقدامات پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی ہورہی ہے۔

وزیر خزانہ نے بالخصوص کلی معیشیت کے استحکام کے حوالہ سے حالیہ پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے ، حکومت مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ معاشی استحکام کو برقرار رکھنے، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔ملاقات میں پاکستان میں کام کرنے والی جرمن کثیر القومی کمپنیوں سے متعلق امور اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ جرمن سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پالیسیوں میں تسلسل، کاروباری سہولت کاری اور ادارہ جاتی اصلاحات انتہائی اہم ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جاری ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے بھی جرمن سفیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات ٹیکس انتظامیہ کو بہتر بنانے، شفافیت اور کارکردگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس نظام میں زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹلائزیشن سے کاروباری عمل آسان ہوگا، ٹیکس قوانین پر عمل درآمد بہتر ہوگا اور پاکستان میں کام کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے زیادہ موثر، شفاف اور قابل پیش گوئی کاروباری ماحول تشکیل پائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اداروں کو مضبوط بنانے، کاروباری ماحول بہتر کرنے اور پائیدار معاشی ترقی و سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی۔

اس موقع پر جرمن سفیر انا لیپل نے پاکستان کی معاشی استحکام اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے میں جرمنی کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا۔انہوں نے جرمن اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان کاروباری روابط اور تعاون بڑھانے کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔جرمن سفیر نے وزیر خزانہ کو 19ویں ایشیا پیسیفک کانفرنس آف جرمن بزنس میں شرکت کی دعوت بھی دی جو رواں سال جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں منعقد ہوگی۔

کانفرنس کا مقصد کاروباری اور سیاسی رہنمائوں کو باہمی مکالمے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا اور یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی اور انڈو پیسیفک خطے کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے، اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ کاروباری روابط کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزید خبریں