اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک جامع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں مولانا حامد الحق سمیت دیگر افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے مولانا حامد الحق اور دیگر شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مولانا حامد الحق کی شہادت پر دلی دکھ ہوا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے مولانا حامد الحق شہید کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حامد الحق شہید کے سوگوار خاندان اور عقیدت مندوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں دھماکے کے افسوسناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے۔قوم کی حمایت سے دشمن کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔