وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزارت قانون وانصاف کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، قانونی اصلاحات، انسانی حقوق کے تحفظ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرِ قانون نے نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر کا پُرتپاک خیرمقدم …

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزارت قانون وانصاف کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، قانونی اصلاحات، انسانی حقوق کے تحفظ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرِ قانون نے نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر کا پُرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ تعلقات اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، جنہیں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے اس موقع پر بتایا کہ کینیڈین کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں، خصوصاً معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا مستقبل میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔وفاقی وزیرِ قانون نے کہا کہ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے ہائی کمشنر کو وزارتِ قانون کے تحت شروع کیے گئے کیس مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ اس نظام کو صوبائی سطح پر بھی متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ عدالتی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔ملاقات میں آئندہ کینیڈا میں منعقد ہونے والی مائننگ کانفرنس میں پاکستان کی شرکت اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔