اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) پاکستان کو ڈیجیٹلائز کرنے کیلئے ملک بھر میں ٹیلی کام اور آئی ٹی کے حوالہ سے ایمرجنسی نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے کام کا آغاز اپریل 2019ءتک شروع ہو جائے گا، ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی کیلئے وزیراعظم عمران خان نے خصوصی کمیٹی بنا دی ہے، سی پیک جیسے منصوبے …
وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، چین کے سفیر یاﺅ جنگ اور دیگر کی میڈیا سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) پاکستان کو ڈیجیٹلائز کرنے کیلئے ملک بھر میں ٹیلی کام اور آئی ٹی کے حوالہ سے ایمرجنسی نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے کام کا آغاز اپریل 2019ءتک شروع ہو جائے گا، ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی کیلئے وزیراعظم عمران خان نے خصوصی کمیٹی بنا دی ہے، سی پیک جیسے منصوبے سے پاک۔چین تعلقات مضبوط ہوں گے، ٹیلی کام کے شعبہ میں چینی سرمایہ کاری سے آئی ٹی اور ٹیلی کام میں انقلاب آئے گا، زونگ نے 10 سال میں ایک کروڑ صارفین کو فور جی ڈیٹا سروس مہیا کی، ہر سال پاکستان میں ٹیلی کام کے شعبہ میں 10 کروڑ ڈالر کے برابر غیر ملکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، موبائل فون کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدید کیلئے پالیسی پر کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار زونگ ٹیلی کام کی 10 سالہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، چین کے سفیر یاﺅ جنگ، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ اور زونگ ٹیلی کام کے سی ای او ہینری وانگ نے کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک کی ترقی میں آئی ٹی ٹیلی کام کا کردار نمایاں ہے، ملک کو آئندہ چار سال میں ڈیجیٹلائزیشن کیلئے قوم کو تیار نہ کیا گیا تو پاکستان ہر میدان میں دنیا کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ملک بھر میں عوام خصوصاً نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت کے جدید کورسز کرانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی نوجوانوں کیلئے ایسے کورسز ڈیزائن کرائے گی جن کے ذریعے انہیں مہارت یافتہ بنایا جائے گا، ان کیلئے خصوصی کورسز کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئندہ پانچ سال کے اندر اندر ملک کو ڈیجیٹلائز کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے جس کیلئے ملک میں آئی ٹی ٹیلی کام کے شعبہ کو فروغ دینے کیلئے ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے فائیو جی ٹیکنالوجی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان آئی ٹی ٹیلی کام کی اہمیت کا ادراک رکھتے ہیں اس لئے انہوں نے آئندہ آنے والے دنوں میں دنیا کے ہم آہنگ فائیو جی ٹیکنالوجی کے نفاذ کیلئے فائیو جی عملدرآمد کمیٹی قائم کر دی ہے جس کا مجھے سربراہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہو گی کہ تمام موبائل فون آپریٹرز کو فائیو جی کا لائسنس دیا جائے، تمام کمپنیاں اس کی نیلامی میں حصہ لیں، مقابلہ کے رجحان میں تمام کمپنیاں آئیں گی تو کام کرنے کا مزہ آئے گا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹلائز کرنے کیلئے وسیع پیمانے پر عوامی سطح پر آئی ٹی اور ٹیلی کام کے پروگرام بنانے کی ضرورت ہے، مقابلہ کے رجحان میں ہم ایسا نہ کیا تو ہم دنیا کے ہر میدان میں پیچھے رہ جائیں گے، عوام کو اس سلسلہ میں شعور اور آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے تیزی سے کام جاری ہے، اپریل تک چک شہزاد کے قریب آئی ٹی پارک کی تعمیر کے منصوبہ کا آغاز ہو جائے گا، اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دوسرے شہروں میں آئی ٹی پارک قائم کرنے کی ضرورت ہے، کراچی میں جو جگہ ہمارے پاس ہے وہ کم ہے، مزید جگہ کے حصول کیلئے حکومت کام شروع کر چکی ہے اور جلد آئی ٹی پارک قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل کرنے کا خواب پورا کرنے کیلئے ملک میں آئی فون کے فروغ اور تیز ترین براڈ بینڈ کی سہولیات فراہم کرنے ضرورت ہے۔ حکومت اس حوالہ سے ملک میں آئی فون کی تیاری کیلئے مختلف کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔ مقامی طور پر سستے آئی فون تیار کرکے لوگوں کو فراہم کئے جائیں گے تاکہ اس کے ذریعے وہ براڈ بینڈ کے زیادہ سے زیادہ استعمال سے استفادہ کر سکیں۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ براڈ بینڈ اور آئی فون کے فروغ کیلئے ملک میں آپٹک فائبر بچھانا ایک بڑا چیلنج ہے، ملک میں آئی فون تیار کرنے والی کمپنیوں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دیں گے اور ساتھ دوسری سہولیات بھی دی جائیں گی تاکہ پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل اپنے منطقی انجام کو پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طلباءو طالبات کو آئی ٹی ٹیلی کام کورسز کرانے کیلئے ورچوئل یونیورسٹی کے ذریعے مہارت فراہم کرنے کا کام لیا جائے گا، آئی ٹی ٹیلی کام کی تعلیم کے معیار کو چیک کرنے کیلئے ایک الگ اتھارٹی قائم کی جائے گی جو صرف کوالٹی آف ایجوکیشن کا وقتاً فوقتاً جائزہ لے کر اس کی بہتری کیلئے اقدامات یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی تعلیم کا آغاز سکول کی سطح سے کیا جائے گا اور اس حوالہ سے کورسز کو باقاعدہ نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ آئی ٹی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اپنی نسلوں کو تبدیل کرنا ہو گا، پاکستان کو اس حوالہ سے مکمل ڈھانچہ فراہم کرنا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی پاکستان میں متعارف کرانے کیلئے وزارت اور پی ٹی اے نے کام شروع کر دیا ہے اس جدید ٹیکنالوجی کو دنیا کے ساتھ بھی متعارف کرایا جائے گا۔ اس حوالہ سے وزیراعظم نے جو خصوصی کمیٹی بنائی ہے اس میں مجھے اور اسد عمر کو خصوصی طور پر رکھا گیا ہے۔ اتیصلات کی طرف سے واجبات کی ادائیگی کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 800 ملین ڈالر کی ادائیگی کے حوالہ سے میں اور اسد عمر اتصلات کے حکام کے ساتھ ملے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ غیر ملکی کمپنی کے ساتھ ہمارے تعلقات ٹھیک رہیں لیکن اس میں پاکستان کا بھی نقصان نہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فائیو جی کے سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے موجودہ طریقہ کار جائزہ لے رہے ہیں اس میں جو تبدیلی ہوئی کریں گے، پرانا طریقہ کار اتنا غیر کار آمد نہیں ہے جتنا بتایا جاتا ہے، دنیا اس میں دلچسپی لے رہی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے بہت زیادہ تبدیلی کی ضرورت نہیں۔ پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے دیرینہ تعلقات کے پیش نظر سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کیلئے معاشی انقلاب کا دروازہ ثابت ہو گا، وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک تک پاکستان کے ذریعے تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، اقتصادی ممالک کو معاشی سرگرمیوں کے حوالہ سے ایک دوسرے تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی کام کے شعبہ میں چین کی طرف سے پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری دونوں ممالک کے مضبوط اور مستحکم تعلقات کی عکاس ہے۔ زونگ کے چیئرمین و سی ای او ہینری وانگ نے کہا کہ پاکستان میں فور جی صارفین کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، ہماری کمپنی پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر کے فروغ اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اتھارٹی نئے لائسنسنگ فریم ورک کی تیاری کر رہی ہے، صارفین کے حقوق اور ٹیلی کام انڈسٹری کی ترقی کے حوالہ سے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، فور جی ٹیکنالوجی سے ملک میں معاشی ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔








