وفاقی وزیر احسن اقبال سے جرمنی کی سفیر انا لیپل کی ملاقات، مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

احسن اقبال: اعلیٰ تعلیم اور انسانی سرمائے کی ترقی کے لیے جرمنی کے ساتھ تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم، فیکلٹی ڈویلپمنٹ، تحقیقاتی تعاون، وظائف اور تعلیمی تبادلے کے پروگراموں میں جرمنی کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے میں پاکستان گہری دلچسپی رکھتا ہے تاکہ انسانی سرمائے کی ترقی کو مضبوط بنایا جا سکے۔

یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں وفاقی جمہوریہ جرمنی کی سفیر انا لیپل نے جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد تعلیم، سیاحت، ثقافت، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون کو بڑھانا تھا۔دونوں فریقوں نے پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے سفیر کو پاکستان کے معاشی بحالی اور اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا جس میں معاشی استحکام میں بہتری، مہنگائی میں کمی، پالیسی ریٹس میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی کو نمایاں کیا گیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے عوامی شعبے کے گورننس کو جدید بنانے، ترقیاتی منصوبہ بندی کے عمل کو ڈیجیٹائز کرنے بشمول منصوبہ بندی کمیشن کے پروجیکٹ مینجمنٹ اور منظوری کے نظام میں تبدیلی لانے کے ذریعے شفافیت، کارکردگی اور جواب دہی کو بڑھانے کی کوششوں پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے اعلیٰ تعلیم، فیکلٹی ڈویلپمنٹ، تحقیقاتی تعاون، وظائف اور تعلیمی تبادلے کے پروگراموں میں جرمنی کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے میں پاکستان کی شدید دلچسپی کا اظہارکیا تاکہ انسانی سرمائے کی ترقی کو مضبوط بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر نے جرمنی کو گلگت بلتستان میں پائیدار اور ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینے میں تعاون کی دعوت دی اور سیاحت کی منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی ترقی میں جرمن ماہرین کی مہارت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اگلے سال علامہ محمد اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تیاریوں کو بھی اجاگر کیا جس میں جرمنی کی علامہ اقبال کے فکری سفر میں خصوصی اہمیت کا ذکر کیا اور اس موقع پر منعقد ہونے والے بین الاقوامی پروگراموں میں جرمنی کی مضبوط شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔ سفیر انا لیپل نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں اور ترقیاتی ترجیحات کو سراہا اور تعلیم، پائیدار ترقی، ثقافتی تبادلوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے جرمنی کے عزم کا اعادہ کیا۔