اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی سینئر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر مینجمنٹ افسران، جوائنٹ چیف اکنامسٹ، پلاننگ کمیشن کے اراکین، منصوبوں کے ڈائریکٹرز اور سیکشنل چیف نے شرکت کی۔ پلاننگ کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزارت کے زیر اہتمام اٹھائے گئے اہم انتظامی، تزویراتی اور ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا جس میں بالخصوص وزارت کے تنظیمی ڈھانچے کی بہتری کے لئے تشکیل نو، خالی آسامیوں کو جلد پر کرنے، سینئر افسران، سیکشنل چیفس، منصوبہ جات کے ڈائریکٹرز اور ان کی ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر مشاورت اور اقدامات کے فیصلے کئے گئے۔
احسن اقبال کی زیرصدارت ہونے والے اس اجلاس میں کہا گیا کہ وزارت کی تنظیمی کارکردگی اور تنظیمی ڈھانچے کی ازسر نو ترتیب سے بین الوزارتی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے جس سے وزارت کے تحت پائیدار ترقی کے اہداف کو مکمل کرنے کی کوششوں میں بہتری آئے گی۔ احسن اقبال نے تمام عہدوں پر جلد اور میرٹ پر مبنی تقرریوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مختلف منصوبوں میں خالی آسامیوں کو پر کیا جائے تاکہ منصوبوں کی تکمیل اور وسائل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر افسران اور ان کی ٹیموں کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اعشارئیے (کے پی آئیز) تیار کئے جائیں ۔ اجلاس میں منصوبوں اور تنظیمی سطح پر موجودہ چیلنجوں کو بھی زیر غور لایا گیا اور وسائل کی فراہمی، سروس کوالٹی میں بہتری اور وزارت کے سیکشنز اور دوسری وزارتوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے لئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت کے تحت جاری منصوبوں اور سٹریٹیجک اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ انہیں وزارت کے بنیادی اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزارت کی کارکردگی میں بہتری کے حصول کے لئے تمام ٹیم کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا، پائیدار ترقی اور خوشحالی کے حکومتی وژن کو عملی جامہ پہنانا صرف اسی طرح ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے منصوبے پاکستان کی ترقی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ احسن اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمیں ایک ایسا نظام وضع کرنا ہوگا جو وزارت کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کے لئے مستقل نگرانی اور بہتری کے عمل کو یقینی بنائے، ہمیں اپنی کاکردگی کے لحاظ سے پاکستان کی مثالی وزارت بننا ہوگا۔