وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

90
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے ک ہم نے گورنر راج کی بات کبھی نہیں کی ، مراد علی شاہ پر کرپشن کے الزامات ہیں اس لئے ہم ان کے استعفیٰ کی بات کررہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری خوش فہمی کا شکار ہیں، انہوں نے پاکستان کی تاریخ نہیں پڑھی ، سندھ میں وزراءکی بڑی تعداد لوٹ مار کا حصہ نہیں ہے ، وہ تبدیلی کا ساتھ دینا چاہتے ہیں۔وہ منگل کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کررہے تھے ۔ پاکستان تحریک انصاف میں تبدیلی اور گورنر راج کے متعلق خبروں اور وزیر اعلی مراد علی شاہ کے استعفٰی کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ ہماری پارٹی نے گورنر راج کی بات کبھی نہیں کی ، یہ صرف قیاس آرائیاں ہیں ، ہم مراد علی شاہ کے استعفٰی کی بات اس لئے کر رہے ہیں کہ ان کے خلاف کرپشن کے الزامات سامنے آئے ہیں ، ہمارے 2 وفاقی وزراءنے الزامات لگنے کے بعد استعفٰی دے دیا تھا تو ہمارا موقف یہی ہے کہ سندھ میں بھی یہی اصول لاگوہونا چاہیئے اور مراد علی شاہ کو اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوجانا چاہیئے ، اگر ان کے خلاف الزامات غلط ثابت ہوتے ہیں تو وہ دوبارہ وزیر اعلی بن سکتے ہیں لیکن فی الحال ان کا نام ملزمان کی فہرست میں ہے۔ بلاول بھٹو کے ایک ہفتے میں حکومت ختم کرنے کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری خوش فہمی کا شکار ہیں لیکن ظاہر ہے وہ سیاست دان ہیں اور انہیں اپنی بات کہنے اور حکمت عملی وضع کرنے کا حق حاصل ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ اس وقت بلاول بھٹو کی سیاست نہیں ہے اور انہیں فیصلہ کرنا ہے کہ اس وقت کس کی کیا پوزیشن ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی تاریخ نہیں پڑھی ہے ، یہاں پر تو دو تہائی اکثریت اگلے دن بدل جاتی ہے اور یہاں تو ٹوٹل فرق ہی 28یا 30لوگوں کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ سندھ میں وزراءکی بڑی تعداد ایسی ہے جو اس لوٹ مار کا حصہ نہیں ہے ، ایسے وزراء میں یہ سوچ پیدا ہو رہی ہے کہ ہم کیوں سندھ کے لوگوں کے ساتھ غداری کریں اور سندھ کے پیسے لوٹنے والوں کا ساتھ دیں ، وہ تبدیلی کا ساتھ دینا چاہتے ہیں ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک اہم سیاسی جماعت ہے اور ہم پیپلز پارٹی کا بحیثیت ایک سیاسی جماعت کے احترام کرتے ہیں لیکن تبدیلیاں سیاست کا حصہ ہیں اور آپ دیکھیں گے کہ انشاءاللہ تعالی سندھ میں بھی بڑی تبدیلی آئے گی۔