اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام ، ای او بی آئی کے پنشنرز کی پنشن میں 10 فیصد اضافے، پیمرا کمپلینٹ کونسل لاہور کے لئے بیرسٹر محمد احمد اور سحر زرین کی بطور ممبر، پیمرا بلوچستان کونسل کے لئے عبدالجلیل کی بطور چیئرمین، ہمایوں احمد ،ایم عظیم کاکڑ، ریحانہ خلیجی کی بطور ممبر تقرری کی منظوری اور 58ملین ڈالر کی …
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی وفاقی کابینہ اور پنجاب کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام ، ای او بی آئی کے پنشنرز کی پنشن میں 10 فیصد اضافے، پیمرا کمپلینٹ کونسل لاہور کے لئے بیرسٹر محمد احمد اور سحر زرین کی بطور ممبر، پیمرا بلوچستان کونسل کے لئے عبدالجلیل کی بطور چیئرمین، ہمایوں احمد ،ایم عظیم کاکڑ، ریحانہ خلیجی کی بطور ممبر تقرری کی منظوری اور 58ملین ڈالر کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے ،یہ گرانٹ ہاﺅسنگ کے شعبے کے لئے استعمال ہوگی ، وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال واقعہ پر فوری انصاف فراہم کرنے اورپنجاب پولیس اصلاحات پر فوری عمل درآمد کی ہدایت دی ہے ،پنجاب میں پہلے مرحلے میں 100ماڈل پولیس سٹیشنز قائم کیے جائیں گے ،خیبرپختونخوا طرز کا پولیس ایکٹ پنجاب میں لایا جائے گا۔ پاکستان کو پہلی بار دنیا کے لئے اوپن کر تے ہوئے ویزہ رجیم میں بڑی تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،وزیراعظم عمران خان نے ایرا کو این ڈی ایم اے میں ضم کرنے کے عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ ایرا کو فوری طور پر این ڈی ایم اے میں ضم کیا جائے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعرات کو میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلی پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب شریک ہوئے ہیں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب پولیس اصلاحات پر فوری عمل کیا جائے گا جس کے تحت 100ماڈل پولیس سٹیشنز بنائے جائیں گے اور خیبر پختونخوا میں پولیس اصلاحات کے کامیاب تجرے سے استفادہ حاصل کیا جائے گا ،پنجاب میں خامیاں دور کر کے خیبر پختونخوا طرز کا پولیس ایکٹ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال معاملے پر فوری انصاف کی ہدایت دی اورحکام کو کہا کہ ملوث افراد کے مقدمات فوری طور پر عدالتوں میں پیش کیے جائیں ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اور اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو پہلی بار دنیا کے لئے اوپن کیا جارہا ہے ،ویزہ رجیم میں بڑی تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس سے پہلے کبھی پاکستان کی جانب سے ویزہ رجیم میں اس طرح کی تبدیلی نہیں لائی گئی ،اس ویزہ رجیم میں تبدیلی کا فائدہ صحافیوں ،کاروباری طبقات سمیت ہر طبقے کو ہوگا اور پاکستان میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلوں سے متعلق بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کابینہ کو ضمنی فنانس بل 2019سے متعلق بریفنگ دی ہے ، ضمنی فنانس بل کا مثبت ردعمل آیا ہے اسی بنیاد پر آگے بڑھیں گے اور آئندہ اصلاحات بھی ا سی کے مطابق لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے نئی ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی ہے ،وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ ریگولیٹری اتھارٹی کے لئے صحافتی تنظیموں ،اپوزیشن سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے تا کہ ایک ایسا ڈھانچہ بنایا جائے جو سب کو قابل قبول ہو ، اس ضمن میں وزارت اطلاعات و نشریات کو اس حوالے سے ہدایات دی گئی ہیں۔وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کونسل آف کمپلینٹس (سی او سی) لاہور کے لئے بیرسٹر محمد احمد اور سحر زرین بندیال کو بطور ممبر جبکہ پاکستان ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کونسل آف کمپلینٹس (سی او سی) بلوچستان کے لئے عبدالجلیل کو چیئرمین اور ہمایوں احمد ،ایم عظم کاکڑ اور ریحانہ خلیجی کی بطور ممبر تقرری کی منظوری بھی دی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹس (ای او بی آئی) کے پنشنز کی پنشن میں 10فیصد اضافے کا پہلے اعلان کیا گیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا ،وفاقی کابینہ نے 10فیصد اضافے کی منظوری دی اورہدایت دی کہ فوری طور پر عمل یقینی بنایا جائے ۔وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ پاکستان میں غریب لوگوں کو گھر فراہم کرنے کے لئے حکومت تیزی سے کام کر ہی ہے اس ضمن میں کابینہ نے ری فنانسنگ کے لئے58ملین ڈالر کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی ہے یہ تمام گرانٹ ہاﺅسنگ کے شعبے کے لئے استعمال ہوگی ،حکومت غریبوں کو گھر فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے، پانچ ارب روپے کا فنڈ قرض حسنہ کے لئے قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) کے فیصلوں کی توثیق کی ہے ۔








