وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا سپورٹس کمپلیکس اور شالیمار کرکٹ گراﺅنڈ میں تقاریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پائے جانے کے بعد اب پاکستان میں کرکٹ سمیت کھیلوں کے عالمی مقابلے واپس آرہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان نے تمام صوبوں کو ہدایات دیں ہیں کہ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے میدان بنائے جائیں ،جس معاشرے کے کھیلوں کے میدان …

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پائے جانے کے بعد اب پاکستان میں کرکٹ سمیت کھیلوں کے عالمی مقابلے واپس آرہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان نے تمام صوبوں کو ہدایات دیں ہیں کہ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے میدان بنائے جائیں ،جس معاشرے کے کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہ معاشرے بہتر انداز میں ترقی کی منازل طے کر تے ہیں،گذشتہ ادوار میں وزارت کھیل کی عدم دلچسپی کے باعث بہت سی کھیلوں میں مہارت رکھنے کے باوجود نتائج نہیں حاصل کیے جاسکے ،ہاکی اور کرکٹ کا آخری ورلڈ کپ جیتے ہوئے کئی سال گذر گئے ہیں، بچوں اور نئی نسل کوکمپیوٹر ،لیپ ٹاپ اور موبائل فون پر گیمز سے دور کر کے انھیں کھیلوں کے میدانوں میں لانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔وہ بدھ کو سپورٹس کمپلیکس میںسپیرئیر گروپ آف کالجز کے زیراہتمام”سپورٹس اینڈ کلچرل گالا”2019اور نجی میڈیا گروپ کے زیراہتمام شالیمار کرکٹ گرائونڈ میں "کرکٹ لیگ” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد اگر کئی شعبوں کے حوالے سے اچھی خبریں آنی شروع ہوئیں تو ان میں کھیلوں کا شعبہ نمایاں تھا ، پاکستان ایتھلیٹکس ، ہاکی ،سکوائش سمیت دیگر کھیلوں میں میڈلز حاصل کرنے والا ملک تھا ،1992 ء میں کرکٹ اور 1994ء میں ہاکی میں ورلڈ کپ لیا تھا ۔اس کے بعد کئی سال گذر گئے پاکستان ان کھیلوں میں کوئی بڑی اور واضح کامیابی حاصل نہیں کرسکا ،دہشت گردی نے جہاں پاکستان کے ہر شعبے کو متاثر کیا وہیں پاکستان میں عالمی کرکٹ بھی شدید متاثر ہوا۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پاکستان واپس آگئی اور کرکٹ کے کھیل میں دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان میں آرہیں ہیں جو خوش آئند بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے جو اپنا کام بہتر انداز سے سرانجام دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ساتھ اس سے بڑی ذیادتی کیا ہوگی کہ سابق وزیر احسن اقبال نے کھیلوں کا 7ارب کا بجٹ اپنے حلقے میں ایک سپورٹس کمپلیکس پر لگا دیا، باقی کھیلوں کا کیا قصور تھا اور ان کے حلقے کے علاوہ بھی ایسے سپورٹس کمپلیکس کی ضرورت تھی لیکن صرف ایک حلقے کو نوازا گیا ،ان جیسے لوگوں نے ذاتی مفاد کی خاطر کھیلوں کو تباہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے شعبے میں خواتین کو آگے آنا پڑے گا ،اگر خواتین آگے نہیں آئیں گے تو پھر ان کے لئے مواقع بھی محدود ہوتے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 2012ء سے لیکر 2016ء تک پاکستان کے ایک درجن کھلاڑی بھی ایسے نہیں ہیں جنہوں نے اولمپکس میں حصہ لینے کے بعد نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ہوں ۔انہوں نے بعد ازاں شالیمار کرکٹ گرائونڈ میں نجی میڈیا گروپ کے زیر اہتمام کرکٹ لیگ کا افتتاح گرائونڈ میں بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چوکے سے کیا ۔اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جب ہمارے کھیلوں کے گرائونڈ آباد ہوں توسمجھ لیں کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ۔

مزید خبریں