اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہم ڈاکوﺅں کا پیچھا بھی کر رہے ہیں اور ملک بھی چلا رہے ہیں، اپوزیشن کےخلاف مقدمات واپس لے لیں تو سب ٹھیک ہوجائیگا، اپوزیشن کے پاس قیادت نہیں ہے، حکومت اور اپوزیشن کے اپنے اپنے چیلنجز ہیں، زندگی میں بہت اتار چڑھاﺅ دیکھے لیکن وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے مجھے بہت عزت ملی، عمران خان نے مجھے بہت حوصلہ دیا، ہمارا کپتان وزیراعظم عمران خان ایک بہترین لیڈر ہے جس نے اپنی بہترین ٹیم کا انتخاب کیا جو بہتر ڈلیور کرنے کی پوری پوری کوشش کر رہی ہے، ہمارے قائد اور ان کی ٹیم کا ایک ہی مقصد ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ہے جس کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک بہادر اور دلیر شخص ہیں جو ہمیشہ پرعزم رہتے ہیں، جو ایک روپے کے بھی روادار نہیں اور نہ ہی کبھی اپنی ذات کے لیے کچھ کریں گے، ان کا ایک وژن ہے جن کے ساتھ بات کرنے کا بھی مزہ آتا ہے اور کام کرنے کا بھی مزہ آتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا کپتان وزیراعظم عمران خان ایک تگڑا کپتان ہے اور اگر کپتان تگڑا ہو تو ٹیم بھی تگڑی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے شروع دن ہی سے یہی کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا اور کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب یقینی بنایا جائے گا، وزیراعظم عمران خان ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات سخت محنت کر رہے ہیں اور یہ بات سب جانتے ہیں کہ عمران خان اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ ملک و قوم کے لیے کام کرے گا۔