اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں لیکن جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، ہزارہ، حیات آباد اورکوسٹل ہائی وے پر بیہمانہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہزارہ پر حملہ، پھر حیات آباد میں ٹی ٹی پی اور آج کوسٹل ہائی وے پر بیہمانہ واقعہ ایک منظم پیٹرن نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے امن کے لئے بہت قربانی دی ہے انشاء اللہ ہم ذمہ داروں کو مثال عبرت بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کی جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔