وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام سے سابق رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری شہزاد کی ملاقات، پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام سے سابق رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری شہزاد کی ملاقات، پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے سابق ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر چوہدری شہزاد نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے خاندان اور ہزاروں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
یہاں جاری بیان کے مطابق ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار اور ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا شاہ جہاں یوسف بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے چوہدری شہزاد کو پارٹی مفلر اور کیپ پہنائی، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دی اور انہیں خوش آمدید کہا۔
چوہدری شہزاد نے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف، انجینئر امیر مقام اور کشمیری مسلم لیگی قیادت کی رہنمائی میں پارٹی کے وژن کو آگے بڑھانے اور عوامی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔









