اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے ڈھونگ انتخابات ، آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور مجموعی سیاسی صورتحال سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات کروا رہا ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ وزیر امور کشمیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا،مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کی کوئی قانونی ، اخلاقی یا آئینی بنیاد نہیں ،پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان اور مسلم لیگ (ن) اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے،ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے بھر پور حمایت پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔