وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے باہمی رشتوں کو مضبوط کرنے میںآزاد کشمیر کی صحافی برادری اور اداروں کا بڑا کلیدی کردار ہے جو اپنے اداریوں اور مثبت خبروں کے ذریعے پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام کے باہمی رشتوں کو مضبوط سے مضبوط تر کررہے ہیں ۔وہ پریس کلب اسلام …

اسلام آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے باہمی رشتوں کو مضبوط کرنے میںآزاد کشمیر کی صحافی برادری اور اداروں کا بڑا کلیدی کردار ہے جو اپنے اداریوں اور مثبت خبروں کے ذریعے پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام کے باہمی رشتوں کو مضبوط سے مضبوط تر کررہے ہیں ۔وہ پریس کلب اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے ایک علاقائی اخبار روز نامہ جموں وکشمیر کی سالانہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ جب سے انہوںنے وزیر اُمور کشمیر کا منصب سنبھالا ہے انہوںنے آزادکشمیر کی صحافی برادری اور اداروں کو انتہائی مثبت پایا ہے۔انہوںنے کہا کہ آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا جس طریقے سے ایل او سی کی دوسری جانب رہنے والے اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے حقوق کی آواز اٹھا رہا ہے وہ قابل ستائش ہے اور اُن کے اس کردار سے مقبوضہ کشمیر کے بہنوںاور بھائیوں کی بے حد حوصلہ افزائی ہو رہی ہے جو اپنے حق خود ارادیت کے پیدائشی اور جائز حق کے لیے سات دہائیوں سے جانوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا نہ صرف یہ بلکہ شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والے افراد اور ادارے آزادکشمیر کے عوام کے مسائل کو بھی بھرپور طریقے سے اُجاگر کررہے ہیں اور اُن کی تعمیری تنقید سے حکومت کو آزادکشمیر کے مسائل حل کرنے میں بھرپور مدد ملتی ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے مزیدکہاکہ آزادکشمیر کے 1974ءکے آئین میں 13 ویں ترمیم کے حوالے سے ابہام کو جلد دور کر لیا جائے گا اور اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز سے وسیع تر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے انہوںنے کہاکہ وہ ایسے اقدام پر یقین رکھتے ہیں جن سے پاکستان اور آزادکشمیر کے باہمی رابطے اور رشتے اور بھی مضبوط ہوں۔ انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو مزید بااختیارکرنے کے حوالے سے تجاویز بھی جلد کیبنٹ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں گے اور آزادکشمیر میں دو سو کلومیٹر ٹورازم کوریڈور اور میرپور منگلا مظفر آباد شاہراہ کو آئندہ سال پی ایس ڈی پی شامل کر کے کام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ آزادکشمیر میں صحت و تعلیم کے شعبے میں سہولیات کو بہتر کرنے کے لیے ایک جائزہ سروے کیا جارہا ہے جس سے ان شعبوں میں موجود سہولیات کو بہتر کیا جائے گا تا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو صحت و تعلیم کی بہتر سہولیات کے لئے بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ انہوںنے کہاکہ بطور وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان یہ اُن کے فرائض منصبی میں شامل ہیں کہ وہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ پاکستان کے رشتوں کو مضبوط سے مضبوط ترکریں اور اس ضمن میں وہ اپنا کردار خلوص نیت سے سرانجام دیتے رہیں گے ۔انہوںنے کہاکہ اُن کے درواز ے ہر وقت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی عوام کے لیے کھلے ہیں او ر وہ اُن کے مسائل ترجیجی بنیادوں پر حل کریں گے۔ وفاقی وزیر نے آزادکشمیر کے صحافی برادری سے اپیل کی کہ وہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید اُجاگر کرکے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کو اُن کا حق خودارادیت دلایا جا سکے ۔اس سے قبل وفاقی وزیر اُمورکشمیرنے نیشنل پریس کلب کے نو منتخب صدر شکیل قرار و دیگر نو منتخب عہداران کو مبارک باد بھی پیش کی۔