اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر) سید معظم الیاس نے ملاقات کی جس میں پورٹ قاسم سے متعلق اہم امور اور اس کی استعدادِ کار میں اضافے کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے ملاقات کے دوران پورٹ قاسم کی پاکستان کی بحری تجارت اور صنعتی ترقی میں اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے پورٹ کی بنیادی ڈھانچے کی بہتری، آپریشنل صلاحیت میں اضافے اور تجارتی و سرمایہ کار دوست اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے موثر حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی نے وزیرِ بحری امور کو جاری منصوبوں پر بریفنگ دی اور بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کے تناظر میں پورٹ کی استعداد اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔
ملاقات میں پورٹ کی توسیع، ماحولیاتی استحکام اور لاجسٹکس سے متعلق مسائل کے حل پر بھی غور کیا گیا تاکہ پورٹ قاسم ملکی اقتصادی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکے۔
وفاقی وزیر نے پورٹ کی بہتری کے لیے وزارت کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور عالمی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پورٹ قاسم کو ایک علاقائی بحری تجارتی مرکز میں تبدیل کیا جا سکے۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی بحری صنعت کو مستحکم بنانے اور بندرگاہوں کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573436