وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ کا برطانیہ کے دفاع و سلامتی فورم سے تاریخی خطاب، بھرپور داد و تحسین

وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ کا برطانیہ کے دفاع و سلامتی فورم سے تاریخی خطاب، بھرپور داد و تحسین

لندن ۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے لندن میں منعقدہ ایک نہایت معتبر دفاع و سلامتی ادارے سے خطاب کیا، یہ اعزاز عموماً صرف سربراہان مملکت، وزرائے اعظم یا اعلیٰ عسکری قیادت کو حاصل ہوتا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کسی وفاقی وزیر کو اس اعلیٰ سطحی فورم سے خطاب کا اعزاز حاصل ہوا جو عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے مقام اور سفارتی اہمیت کا مظہر ہے۔یہ باوقار تقریب لندن کے معروف علاقے پال مال میں منعقد ہوئی جہاں سفارتکاروں، ہائی کمشنرز، برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ، برطانیہ کے دفترِ خارجہ کے نمائندگان، دفاعی ماہرین اور قانونی، معاشی و طبی شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

اپنے کلیدی خطاب میں وفاقی وزیر نے پاکستان کے دفاعی اور معاشی سفارتکاری کے امتزاج پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث مغرب اور مشرق کے درمیان ایک اہم راہداری کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا محل وقوع اسے عالمی تجارت، روابط اور سلامتی کے تناظر میں ایک مرکزی مقام فراہم کرتا ہے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کا ذکر کرتے ہوئے خصوصاً انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور صنعتی شعبوں کو نمایاں کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور کاروبار دوست پالیسیوں کے فروغ کے لیے موثر اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور طویل المدتی شراکت داری پر مبنی ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے خصوصاً دفاع، معیشت اور سفارتکاری کے شعبوں میں۔خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے عالمی امن کے قیام میں پاکستان کے کردار کو بھی اجاگر کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کشیدگی کے خاتمے اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے اور یہ کوششیں عالمی استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان کی فعال سفارتکاری کو عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔خطاب کے اختتام پر شرکا نے بھرپور تالیوں کے ساتھ پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور عالمی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

برطانوی حکام اور دیگر عالمی شخصیات نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے اہم قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے پاکستان کی قیادت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر کا یہ دورہ برطانیہ دولتِ مشترکہ کے تجارتی و سرمایہ کاری سرگرمیوں میں شرکت کے سلسلے میں بھی ہے جہاں وہ پاکستان کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور محفوظ منزل کے طور پر اجاگر کر رہے ہیں۔بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان کی عالمی معاشی رسائی کو فروغ دینے اور اسے ایک قابل اعتماد اقتصادی و سٹریٹجک شراکت دار کے طور پر مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید خبریں