وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور ہر کوئی اپنے اعمال کے لیے جوابدہ ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے …

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور ہر کوئی اپنے اعمال کے لیے جوابدہ ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما صرف احتساب کے عمل سے بچنے کے لیے رونا دھونا کر رہے ہیں اور حالیہ احتساب کے عمل کو روکنے کے لیے حکومت پر دبائو ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ان دونوں جماعتوں کی سیاست صرف ان کی قیادت کی بدعنوانی کو چھپانے اور عوامی دولت لوٹنے والوں کو محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے ہے جنہوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی دولت بیرون ملک منتقل کی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت حزب اختلاف کے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہو گی اور کرپشن کے تمام مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی معاملات کو بہتر طریقے سے چلانے اور اپنے مالی وسائل کے انتظام کے لیے اپنے دوست ممالک کے تعاون سے قومی معیشت کے استحکام کے لیے اہم اور ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جو کرپشن کے خلاف موثر طریقے سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا نیب کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔