وفاقی وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ رانا تنویر حسین سے پریکٹس منیجرز ورلڈ بینک کرسچن ایڈو اور کیکو انوئی کی قیادت میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سکول سے باہر بچوں کی تعلیم کا مسئلہ اولین ترجیح ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے یہ بات پریکٹس منیجرز ورلڈ بینک کرسچن ایڈو اور کیکو انوئی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری ناہید ایس درانی نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں ورلڈ بینک کے کام کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے تعاون سے اہم منصوبے جاری ہیں جنہیں ہنگامی بنیادوں پر تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ رانا تنویر نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کے چیلنج سے اس وقت تک موثر انداز میں نمٹا نہیں جا سکتا جب تک کہ ہمارے پاس درست اور متعلقہ ڈیٹا موجود نہ ہو۔ رانا تنویر نے کہا کہ ہمیں مستعد اور موثر حکمت عملی وضع کرنے کے لیے سکول سے باہر بچوں کے زیادہ سے زیادہ اعداو شمار اکٹھے کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک باڈی بنانے کی ضرورت پر زور دیا جو ڈیٹا اکٹھا کرنے اور اسے قابل عمل معلومات میں تبدیل کرنے کے قابل ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فاصلاتی تعلیم کو رسمی نظام تعلیم میں شامل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوویڈ-19 سے ہونیوالی پیش رفت خوش آئند ہے۔ وزیر نے کہا کہ کووڈ دور میں اسے متبادل کے طور پر نہیں بلکہ طلباکو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دینے کے لئے ایک مستقل نظام کے طور پر دیکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے روایتی نظام کے مقابلے میں یہ ایک سستا طریقہ ہے اور اس طرح بہت زیادہ رسائی کی اجازت دیتا ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کے تیار کردہ سیکھنے پر مبنی چینلز کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے تجربے سے سیکھنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم وہاں بھیجی گئی ہے۔ کرسچن ایڈو نے عالمی بینک کی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں پر عل درآمد میں وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کے کردار کو تسلیم کیا۔ انہوں نے وزیر کی طرف سے انتھک تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ورلڈ بینک اور وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی ترجیحات ایک جیسی ہیں۔ انہوں نے رانا تنویر کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔