اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے معاشی امور عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ ترقی پر مبنی ہوگا ، عوام کو مزید روزگار اور ملازمتوں کی پیشکشیں کی جائیں گی، مسلم لیگ (ن) ملک میں مہنگی بجلی اور گیس کی ذمہ دار ہے۔
جمعرات کو نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں مہنگائی کے حوالے سے بخوبی واقف ہے ، اسے کم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلا بجٹ عوام دوست ہوگا اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لائے جائے گی، کورونا وائرس کی وجہ سے بڑی بڑی عالمی معاشی طاقتوں کو اتار چڑھا ئوکا سامنا کرنا پڑا ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک میں مہنگی بجلی اور گیس کی فراہمی کی ذمہ دار ہے ، اپنے گزشتہ دور حکومت کے دوران اس نے بجلی اور گیس کے مہنگے معاہدے کئے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے قابل تجدید توانائی کو نظرانداز کیا ہے اور آنے والی نئی منتخب حکومت کے لئے کرنٹ اکائونٹ خسارے کا بہت بڑا بوجھ چھوڑا ،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی سربراہی میں حکومت نے مناسب توجہ دیتے ہوئے ملک میں قابل تجدید توانائی کو فروغ دیا ہے، حکومت کی دانشمندانہ پا لیسوں کی وجہ سے کرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ڈالر کی قیمت پر مصنوعی طور پر قابو پایا لیکن موجودہ حکومت نے پاکستانی روپے کی قیمت کو مستحکم کیاہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی فراہمی کے نظام میں بہتری لائی ہے اور اس نظام کے ذریعے سالانہ اربوں روپے کی بچت ہو رہی ہے،حکومت کی کاشتکاروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی سے گندم ، گنا ، کپاس اور چاول کی اچھی پیداوار حاصل ہوئی ہے، زرعی شعبے میں بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی پانچ سال کی کارکردگی کی بنیاد پر 2023 ء کے عام انتخابات میں ایک بار پھر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ ایک سوا ل کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ماضی کا حصہ بن چکی ہے، تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کے آپس کے الزامات میں وہ بے نقاب ہوئے ہیں، عوام نے اپوزیشن جماعتوں کی سیاست سے مایوس ہو کر انہیں مسترد کر دیا ہے۔