وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے امریکی سفیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے مل کر کام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کو درپیش خطرے اور شدید گرمی کی لہروں اور مون سون کی جاری بارشوں کے باعث ملک بھر میں سیلابی صورتحال جیسے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں بلوچستان اور سندھ دونوں میں بہت زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک کو اب بھی اگلے مہینے میں ایک اور مون سون بارش کے سپیل کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ماحولیاتی امور پر مستقبل میں پاک امریکہ تعاون کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک امریکہ کلائمیٹ اینڈ انوائرنمنٹ گروپ کو COP 27 سے پہلے فعال کرنا ہوگا تاکہ کثیرالجہتی امور کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔

ملاقات میں ٹیکنالوجی، سائنس اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں پر تعاون پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے امریکی صدارتی ایلچی برائے کلائمیٹ جان کیری سے سکائپ کال کے تناظر میں امریکی سفیر کو این ڈی سیز کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موسمیاتی تعاون کا فروغ ناگزیر ہے۔