وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی لکی مروت میں پولیس گاڑی پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے لکی مروت میں پولیس گاڑی پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں ایک ایس ایچ او سمیت پولیس کے بہادر اہلکار شہید ہوگئے۔

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے لکی مروت میں پولیس گاڑی پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں ایک ایس ایچ او سمیت پولیس کے بہادر اہلکار شہید ہوگئے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ قوم کے لئے انتہائی دلخراش ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

انہوں نے شہید ہونے والے ایس ایچ او کو خراج عقیدت پیش کیا اور دیگر اہلکاروں کی بہادری اور فرض شناسی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وطن کے امن و استحکام کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں ،ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی،قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنے بہادر پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے واقعہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی اور کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔

 

مزید خبریں