وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو کی ملاقات، سماجی شعبے، غربت میں کمی اور سماجی تحفظ کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے بدھ کو ملاقات کی۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین سماجی شعبے بالخصوص غربت میں کمی اور سماجی تحفظ کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک سفیر نے پاکستان اور ترکیہ کے قریبی دوستانہ تعلقات …

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے بدھ کو ملاقات کی۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین سماجی شعبے بالخصوص غربت میں کمی اور سماجی تحفظ کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک سفیر نے پاکستان اور ترکیہ کے قریبی دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاع اور تجارت کے شعبوں میں کامیاب اشتراک اور ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) ان تعلقات کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی جذبے کے تحت اب غربت کے خاتمے اور سماجی ترقی کے میدان میں بھی شراکت داری کو فروغ دیا جانا چاہیے۔دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان اسلامی اخوت اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات دراصل ان کے مضبوط رشتے کی بنیاد ہیں جو سماجی فلاح و بہبود اور غربت کے خاتمے کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

ترک سفیر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ اس وقت ایک ہزار سے بھی کم پاکستانی طلبا ترکیہ میں وظائف سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس تعداد میں اضافہ اور نوجوانوں کے لیے تعلیم و ہنر مندی کے مزید مواقع پیدا کرنے کی تجویز پیش کی۔ ملاقات میں فریقین نے دوحہ میں ہونے والے "ورلڈ سمٹ آن سوشل ڈویلپمنٹ 2025” کے موقع پر وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور ترکیہ کے وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات کے درمیان دوطرفہ ملاقات پر اتفاق کیا جس میں مشترکہ اقدامات اور عالمی سطح پر شراکت داری کے عزم کو پیش کیا جائے گا۔

مزید برآں فریقین نے تکنیکی تربیت اور مشترکہ پروگراموں پر بھی بات چیت کی، جنہیں ترکیہ کی تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹی کے اے) اور پاکستان کی سماجی ادارے جیسے پاکستان بیت المال (پی بی ایم)، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف)، ٹرسٹ فار والنٹری آرگنائزیشنز ((ٹی وی او) اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ساتھ مل کر آگے بڑھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کشمیری عوام کو زیتون کے تیل کے استخراج کی تربیت فراہم کرنے کے کامیاب اقدام پر ٹی کے اے کو سراہا اور تجویز دی کہ اسی نوعیت کی ہنرمندانہ ورکشاپس اور تکنیکی تربیتی پروگرام بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں بھی شروع کیے جائیں تاکہ پائیدار روزگار کے مواقع فراہم ہوں۔

سید عمران احمد شاہ نے ترک صدر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ترکیہ کو ایک جدید اور مستحکم ملک بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی رہنمائی میں پاکستان کی جانب سے تخفیف غربت اور عوامی فلاح کے عزم کو بھی دہرایا۔

انہوں نے نوجوانوں کے لیے ہنر اور کاروباری مواقع کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔گفتگو کے دوران دونوں ممالک نے دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ "tri lateral cooperation” کے امکانات پر بھی غور کیا تاکہ خطے میں وسائل اور مہارت کو یکجا کر کے زیادہ موثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

ملاقات میں یہ طے پایا کہ جلد ہی ایک فالو اپ میٹینگ منعقد کی جائے گی جس میں عملی منصوبہ بندی، تربیتی ماڈیولز اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نمایاں شعبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

 

مزید خبریں