وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کاہنر مند پاکستان پروگرام کے پورٹل کے اجراء موقع پر خطاب

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو پیشہ ورانہ معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت پیشہ ورانہ تعلیم کو مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مرتب کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ہنر مند پاکستان پروگرام کے پورٹل …

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو پیشہ ورانہ معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت پیشہ ورانہ تعلیم کو مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر مرتب کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ہنر مند پاکستان پروگرام کے پورٹل کے اجراءکے موقع پر تقریر کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، 20 ماہ کے دوران ان نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 50 ہزار نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس جیسے ہائی ٹیک شعبوں میں تربیت دی جائے گی، 50 ہزار نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ 20 ہزار نوجوانوں کو انٹرنشپ دی جائے گی، وہ وہاں آن جاب تربیت حاصل کریں گے، تربیت یافتہ 50 ہزار نوجوانوں کی سرٹیفکیشن کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیشہ ورانہ تعلیم کی فراہمی میں معیار یقینی بنائیں گے، پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے والے اداروں کو کوالٹی سٹینڈرڈ سرٹیفکیٹس دیں گے۔ اس تناظر میں نیشنل اکیڈمک کونسل بنا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد پرائیویٹ سیکٹر بھی اس شعبے میں خدمات فراہم کرے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، موجودہ حکومت نے نوجوانوں کے لئے جس طرح اقدامات کئے ہیں، ماضی میں کسی حکومت نے نہیں کئے، ہم کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہنر مند پاکستان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو تربیت فراہم کر کے برسر روزگار بنانا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث پاکستان اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو گا، قوم کی دولت کسی فالودے والے کی نذر نہیں ہو گی جس طرح ماضی میں ہوتا رہا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ اکرم نے کہا کہ ہنر مند پاکستان پروگرام کا اجراءاہم قدم ہے، ماضی میں نوجوانوں کو کالجوں اور یونیورسٹیوں میں دی جانے والی تعلیم مارکیٹ کے مطابق نہیں تھی جس سے انہیں روزگار کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اس پروگرام سے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا جائے گا۔ تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے کلیدی خطاب کیا۔