وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوام کی حمایت نہیں اس لئے ان کی حکومت گرانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی، اپوزیشن جماعتیں پہلے دن سے حکومت کو ناکام کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک ترقی کے …

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوام کی حمایت نہیں اس لئے ان کی حکومت گرانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی، اپوزیشن جماعتیں پہلے دن سے حکومت کو ناکام کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے، ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ کورونا ختم ہو گیا ہے، ماسک لازمی پہنیں، سماجی فاصلہ رکھیں اور کثرت کے ساتھ ہاتھ دھونے کے عمل کو جاری رکھیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پہلے دن سے تسلیم نہیں کیا، مولانا فضل الرحمان پہلے دن سے اپوزیشن جماعتوں سے کہہ رہے ہیں کہ اسمبلیوں میں نہ بیٹھیں اور حکومت کے خلاف تحریک چلائیں۔ شفقت محمود نے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، مولانا فضل الرحمان کو عوام میں پذیرائی حاصل نہیں اسلئے وہ سیاسی فوائد کے حصول کیلئے مدارس کے بچوں کا استعمال کرتے ہیں، کورونا کی وجہ سے پہلے ہی بچوں کی تعلیم بہت متاثر ہو چکی ہے اس لئے مولانا فضل الرحمان مدارس کے بچوں کو جلسے جلسوں میں لانے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے جو بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے، حکومت کی اس کے کاموں میں کوئی مداخلت نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان پر بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں، اگر نیب انہیں گرفتار کرتا ہے تو اس میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی ہمیشہ عادت رہی ہے کہ یہ اندر کچھ اور عوام کے سامنے کچھ اور کہتے ہیں، ان کے قول و فعل میں تضاد ہے، ن لیگ کے قائد نے ہمیشہ ریلیف لینے کیلئے اپنے رہنماﺅں کو استعمال کیا، اب بھی کر رہے ہیں، ن لیگ منافقانہ سیاست ترک کر دے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے قومی اداروں کے خلاف بیانیے پر افسوس ہوا ہے، ان کے بیانیے سے بھارت خوش ہوا ہے، ن لیگ حکومت پر جتنی تنقید کرنا چاہتی ہے کرے لیکن اداروں کے خلاف محاذ آرائی بند کر دے۔ ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار جاری کئے ہوئے ہیں، نواز شریف اور اسحاق ڈار کے کیس میں فرق ہے، نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں، حکومت انہیں واپس لانے کیلئے قانونی تقاضے پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کورونا بحران کے دوران اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی کامیاب رہی، حکومت نے عوام، قومی اداروں اور صوبوں کے ساتھ مل کر مہلک وبا پر قابو پایا، دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں حالات بہتر ہیں، اپوزیشن جماعتیں اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے وبا کے خلاف اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کا اعتراف کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں آج بدھ سے تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھل رہے ہیں، تعلیمی اداروں پر ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازمی ہو گا، بچوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ ماسک پہنیں، کلاسوں میں بچوں کے درمیان فاصلے کو یقینی بنایا جائے، اس کے ساتھ ساتھ ہاتھ دھونے کا بندوبست بھی کیا جائے۔