وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کا یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں منعقدہ تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور اقتدار میں بھارت میں ہندوتوا کی سوچ اور فاشزم کو تقویت ملی ہے اور معصوم مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، حکومت مسئلہ کو بین الاقوامی سطح پر سنجیدگی سے اجاگر کرنے کےلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں …

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور اقتدار میں بھارت میں ہندوتوا کی سوچ اور فاشزم کو تقویت ملی ہے اور معصوم مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، حکومت مسئلہ کو بین الاقوامی سطح پر سنجیدگی سے اجاگر کرنے کےلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں منعقدہ تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریری مقابلہ میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی مختلف جامعات کے طلباءنے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن اور پروفیشنل تربیت شفقت محمود مہمان خصوصی تھے جبکہ پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرم نے تقسیم انعامات کی تقریب میں شرکت کی۔ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن طارق بنوری، ڈائریکٹر جنرل اکیڈمکس، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، رضا چوہان اور جامعات کے طلباءکی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طالب علم شیر علی دائم نے تقریری مقابلے میں شریک دیگر طلباءپر پرتری حاصل کرتے ہوئے اول پوزیشن حاصل کی جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے اظہر اقبال نے دوسری اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی طالبہ کائنات لطیف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءمیں بتدریج 50 ہزار، 30 ہزار اور 20 ہزار روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔ معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اردو ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر عبد العزیز ساحر اور مخدوم شہاب الدین نے تقریری مقابلے کے جج کے فرائض سر انجام دیئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور اقتدار میں بھارت میں ہندوتوا کی سوچ اور فاشزم کو تقویت ملی ہے اور معصوم مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت مسئلہ کو بین الاقوامی سطح پر سنجیدگی سے اجاگر کرنے کےلئے اقدامات کر رہی ہے، نتیجتاً مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کے تین سیشن منعقد ہو چکے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور طلباءکو مسئلہ کشمیر کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کرنے پر ایچ ای سی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ طلباءکو مسئلہ کشمیر کی اہمیت سے متعارف کرانا انتہائی ضروری عمل ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وجیہہ اکرم نے کہا کہ ہر فرد اور ادارے کو اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کشمیریوں کے حق کےلئے آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طلباءکو نصیحت کی کہ کشمیر کے بارے میں اپنے جذبات میں گرمجوشی اسی طرح جگائے رکھیں۔ انہوں نے کشمیر کے بارے میں طلباءکے نالج اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کےلئے جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔