وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کی قیادت میں وفد کی ملاقات
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کی قیادت میں وفد کی ملاقات
اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خاں لغاری سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کونستانتین لیمیٹووسکی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری، ٹرانسمیشن نظام کی بہتری، قابلِ تجدید توانائی اور پاور سیکٹر کی جدید خطوط پر منتقلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے وفد کو حکومت کی جاری توانائی اصلاحات اور مستقبل کی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت پاور سیکٹر میں استعداد، شفافیت اور پائیداری کے فروغ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنوبی علاقوں میں نسبتاً کم لاگت بجلی کی دستیابی کے باعث شمالی علاقوں تک بجلی کی مؤثر ترسیل کے لئے نارتھ-ساؤتھ ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر اہم سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ سردار اویس احمد خاں لغاری نے کہا کہ حکومت پاور سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی کام کر رہی ہے اور جدید اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب اس حکمتِ عملی کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک کروڑ میٹرز کی مرحلہ وار تنصیب کے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے جبکہ ابتدائی مرحلے میں تقریباً پندرہ لاکھ میٹرز نصب کئے جا چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز اور ٹرانسمیشن لائنز کو حکومت کی اہم ترجیحات قرار دیا۔ وفد نے پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بینک کے پاس اس وقت تقریباً 100 سے 150 ملین ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری پائپ لائن میں ہے۔ وفد نے مختلف ممالک میں اپنے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بینک قابلِ تجدید توانائی، پائیدار انفراسٹرکچر اور ٹرانسمیشن منصوبوں کی مالی معاونت کے امکانات کا جائزہ لے گا۔ وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بینک کی تکنیکی ٹیمیں پاکستانی اداروں کے ساتھ قریبی روابط کے ذریعے مختلف قابلِ عمل منصوبوں پر تعاون کو آگے بڑھائیں گی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے، تکنیکی روابط مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔









