واشنگٹن۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جفریز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ گول میز کانفرنس میں شرکت کی۔وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کے بارے میں آگاہ کیا جو سٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی کامیابی کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کے تناسب میں اضافے، توانائی کے شعبے میں نقصانات میں کمی، سرکاری اداروں (ایس او ایز) کی گورننس اور انتظام کو بہتر بنانے، نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور وفاقی حکومت کے سائز کو کم کرنے کے ذریعے اخراجات کو قابو میں رکھنے کے لیے کی جانے والی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات مالیاتی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اقتصادی استحکام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اس تقریب کا اختتام سرمایہ کاروں کے سوالات اور جوابات کے سیشن کے ساتھ ہوا۔