اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ …
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ ہمارے عوام دوبارہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیکر کامیاب کریں گے،ہم 2018ءکے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سی پیک سمیت دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کی پالیسی کے ایجنڈے کو جاری رکھیں گے اور عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی توانائی بحران کے مسئلے کو حل کیا ہے،10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی قومی نظام میں شامل کی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا محور صرف اور صرف محمد نواز شریف ہیں اور نہ ہی وہ گو نواز گو سے آگے اپنا وژن ہی واضح کر سکے ہیں،یہی وجہ ہے کہ وہ لوگ جو پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے وہ بھی اب اس سے پیچھے ہٹتے جا رہے ہیں کیونکہ لوگ پی ٹی آئی کی منفی اور بے بنیاد و جھوٹے الزامات کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔









