وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے اہم ملاقات کی جس میں پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ،
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے اہم ملاقات کی جس میں پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ، دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین معاونت کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی کوآرڈینیشن کو مزید فعال اور موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اہم فیصلہ کیا گیا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور انہیں چینی زبان سکھانے کے لیے جلد چینی انسٹرکٹرز پاکستان آئیں گے۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین کی طرز پر اسلام آباد میں بننے والے جدید لا انفورسمنٹ سینٹر کے قیام میں چین کی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے باہمی اشتراک عمل اور تمام مسائل کو بروقت حل کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے فعال کردار کو بھی بھرپور سراہا۔اس اہم ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔








