ٹیکسٹائل شعبے کی مسابقتی صلاحیت بڑھانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدی منڈیوں میں وسعت کے لئے اقدامات ضروری ہیں، بلال اظہر کیانی

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل شعبے کی مسابقتی صلاحیت مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور برآمدی منڈیوں کو وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی برآمدات اور معاشی سرگرمیوں میں اس اہم شعبے کے کردار کو مزید مستحکم کیا جاسکے

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل شعبے کی مسابقتی صلاحیت مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور برآمدی منڈیوں کو وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی برآمدات اور معاشی سرگرمیوں میں اس اہم شعبے کے کردار کو مزید مستحکم کیا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے نومنتخب عہدیداروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے چیئرمین اسد شفیع کی قیادت میں وزارت خزانہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کو درپیش مسائل، کاروباری ماحول میں بہتری اور شعبے کی مسابقتی صلاحیت اور برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بلال اظہر کیانی نے اپٹما کے نومنتخب عہدیداروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اپٹما کے وفد نے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے گزشتہ وفاقی بجٹ میں برآمدات پر ٹیکسوں میں کمی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) اور درمیانے درجے کے کارپوریٹ اداروں کے لئے سپر ٹیکس کے خاتمے سمیت دیگر اقدامات کو مثبت قرار دیا۔

ملاقات میں ٹیکسٹائل کی پیداوار، سرمایہ کاری اور برآمدات پر اثرانداز ہونے والے صنعتی مسائل اور اس شعبے کے لئے کاروباری ماحول مزید بہتر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم (پی ایم ایس) کے حوالے سے جاری کوششوں اور برآمد کنندگان کے لئے مالی معاونت کی سہولیات کی دستیابی اور استعمال سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔فریقین نے ایکسپورٹ فنانس اسکیم (ای ایف ایس) اور لانگ ٹرم ایکسپورٹ گروتھ فنانسنگ فیسیلٹی (ایل ٹی ای جی ایف ایف) کی شرائط اور دائرہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اپٹما کے وفد نے تجویز دی کہ ان سہولیات تک برآمد کنندگان کی رسائی آسان بنائی جائے اور انہیں ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کی مالی ضروریات سے زیادہ ہم آہنگ کیا جائے تاکہ ورکنگ کیپٹل کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ طویل مدتی سرمایہ کاری میں بھی مدد مل سکے۔ملاقات میں عالمی منڈیوں میں پاکستانی ٹیکسٹائل برانڈز کو فروغ دینے اور مقامی صنعت کاروں کو برانڈ سازی اور بیرون ملک صارفین سے براہ راست روابط کے ذریعے ویلیو چین میں مزید آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت نے ان اقدامات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ان سے مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن بڑھانے اور عالمی ٹیکسٹائل و ملبوسات کی منڈیوں میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر مملکت نے اپٹما کی جانب سے تعمیری رابطے اور تجاویز کو سراہتے ہوئے ٹیکسٹائل شعبے کی ملکی برآمدات اور معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطہ کاری برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور ٹیکسٹائل صنعت سے متعلق امور پر قریبی اور باقاعدہ روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ اس شعبے کو مضبوط بنانے اور برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

 

مزید خبریں