پاک فوج نے بدھ کو سپرسونک کروز میزائل ’’فتح-3‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
پاک فوج کا سپرسونک کروز میزائل ’’فتح-3‘‘ کا کامیاب تجربہ، طویل فاصلے تک ہدف کو انتہائی درستگی سےنشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل

مزید خبریں
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):پاک فوج نے بدھ کو سپرسونک کروز میزائل ’’فتح-3‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم سنگ میل ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید ترین نیوی گیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس یہ میزائل سپرسونک رفتار کے ساتھ طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی اور تباہ کن صلاحیت کے ساتھ نشانہ بنانے کی بھرپور قدرت رکھتا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’’فتح-3‘‘ کی شمولیت سے پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور ضرب لگانے کی پہنچ میں نمایاں اضافہ ہوگا
جس سے ملک کے مجموعی روایتی دفاع اور ڈیٹرنس کو مزید تقویت ملے گی۔میزائل کے اس کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے ’’فتح-3‘‘ کے کامیاب تجربے پر مسلح افواج اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے اور ملکی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر اس منصوبے میں شامل تمام افراد کی لگن اور عزم کو سراہا ہے۔







