فتح-3 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور تکنیکی خود انحصاری کا مظہر ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مقامی طور پر تیار کردہ سپرسانک کروز میزائل فتح-3 کے کامیاب تجرباتی لانچ پر پوری قوم، پاک فوج

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مقامی طور پر تیار کردہ سپرسانک کروز میزائل فتح-3 کے کامیاب تجرباتی لانچ پر پوری قوم، پاک فوج، سائنسدانوں، انجینئرز اور دفاعی ماہرین کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان کی بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیتوں، تکنیکی ترقی اور قومی خود انحصاری کی جانب اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فتح-3 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی پیشہ ورانہ مہارت، سائنسی جدت اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے میزائل کی تیاری میں شامل پاک فوج اور تمام متعلقہ اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دفاعی تیاریوں اور تزویراتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی لگن، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مسلسل کاوشوں کو سراہا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں مقامی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیاں قومی فخر کا باعث ہیں اور اس امر کی عکاسی کرتی ہیں کہ پاکستان اپنی مہارت اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید اور پیچیدہ تکنیکی صلاحیتیں پیدا کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ مقامی تحقیق، جدت اور تکنیکی مہارت سے آراستہ مضبوط دفاعی نظام قومی خودمختاری کے تحفظ اور امن و استحکام کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کے سائنسدان، انجینئرز اور دفاعی ماہرین آئندہ بھی کامیابیوں کے نئے سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملک کو تکنیکی اعتبار سے مزید ترقی یافتہ اور خود انحصار بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے پاکستان کی مسلسل ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔

 

مزید خبریں