وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجے بن حسین کی ملاقات

107
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجے بن حسین نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں سموگ کے مسئلہ پر باہمی تعاون سے قابو پانے،پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف ،الیکٹرک بسوں، صاف پانی، سینی ٹیشن اور کچی آبادیوں کی ترقی کیلئے معاونت سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کو یہاں ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ رواں برس ایئر کوالٹی انڈکس 271 تک پہنچا ہے، اس سے پہلے صورتحال خطرناک سطح پر پہنچے ، ہمیں فوری طور پر جامع انسداد سموگ پلان وضع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ائیر کوالٹی کو بہتر بنانے اور محفوظ شہر بنانے میں ورلڈ بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے،ہماری پوری کوشش ہے کہ سموگ کے مسئلہ کا ابھی سے تدارک کیا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومتوں میں سے ایک ہے ،اس کے پر فضا ماحول کو برقرار رکھنا ہے، بین الاقوامی معیار کی جائزہ رپورٹ کے ذریعےسموگ کی اصل وجوہات کو سامنے لانا ضروری ہے، اسلام آباد میں اینٹی سموگ مشینوں کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، اسلام آباد کے شہریوں اور مہمانوں کو صاف اور صحت مند ماحول دینا بنیادی مقصد ہے،ورلڈ بینک کے اشتراک کار سے اسلام آباد میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ماحول کو صاف رکھنے کیلئے الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا گیا ہے تاہم اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے،کچی آبادیوں اور دیہی علاقوں کی بہتری بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے،شہریوں کو صاف پانی اور سینی ٹیشن کی فراہمی بھی ہمارے اہداف میں شامل ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں واسا کے ادارے کو اسلام آباد واٹر کے نام سے متعارف کرا رہے ہیں،کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کی وزیر داخلہ کو سموگ پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کے ساتھ مشاورت سے انسداد سموگ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ رپورٹ سے مسئلے کی جڑ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔وفاقی سیکرٹری داخلہ، چئیرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔