وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا فرضی فائر ایمرجنسی مشق کا جائزہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کی رات اسلام آباد میں کیپٹل ایمرجنسی سروس کی جانب سے منعقد کی گئی فرضی فائر ایمرجنسی مشق کا جائزہ لیا جس کے دوران فائر بریگیڈ اور ایمبولینس ٹیمیں اطلاع موصول ہونے کے صرف آٹھ منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔وزیر داخلہ نے مقررہ وقت کے اندر بروقت رسپانس کو سراہتے ہوئے اسے کیپٹل ایمرجنسی سروس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور …

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کی رات اسلام آباد میں کیپٹل ایمرجنسی سروس کی جانب سے منعقد کی گئی فرضی فائر ایمرجنسی مشق کا جائزہ لیا جس کے دوران فائر بریگیڈ اور ایمبولینس ٹیمیں اطلاع موصول ہونے کے صرف آٹھ منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔وزیر داخلہ نے مقررہ وقت کے اندر بروقت رسپانس کو سراہتے ہوئے اسے کیپٹل ایمرجنسی سروس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا مثبت ثبوت قرار دیا۔مشق کے بعد محسن نقوی نے فائر فائٹرز اور ایمرجنسی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ان کی خدمات اور پیشہ ورانہ عزم کو خراج تحسین پیش کیااور دورانِ ڈیوٹی درپیش مشکلات سے بھی آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے محدود وسائل اور پرانے آلات کے باوجود اہلکاروں کی کارکردگی کو قابل تعریف قرار دیا۔معائنے کے دوران وزیر داخلہ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کیپٹل ایمرجنسی سروس کی گاڑیاں اورآلات 2009 کے بعد تبدیل نہیں کیے گئے۔ انہیں بتایا گیا کہ اگرچہ موجودہ فلیٹ کو بہتر انداز میں فعال رکھا گیا ہے تاہم بعض فائر ٹینڈر 1993 کے ماڈل کے ہیں اور اب بھی استعمال میں ہیں۔وزیر داخلہ کو یہ بھی بریفنگ دی گئی کہ ایمرجنسی اہلکاروں کو کئی برسوں سے کسی باقاعدہ تربیت یا ریفریشر کورس کا موقع نہیں ملا جس کے باعث جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت کی بھی فوری ضرورت ہے۔محسن نقوی نے فوری طور پر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف کو ہدایت کی کہ سات روز کے اندر کیپٹل ایمرجنسی سروس کی مکمل اپ گریڈیشن کا جامع منصوبہ پیش کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے میں نئی فائر بریگیڈ گاڑیاں، ایمبولینسز، ریسکیو آلات اور دیگر جدید سہولیات کی خریداری کو شامل کیا جائے تاکہ وفاقی دارالحکومت کی ایمرجنسی رسپانس صلاحیت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔یہ فرضی مشق اس وقت شروع کی گئی جب قائم مقام ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف نے ریسکیو 1122 پر فرضی آگ لگنے کی اطلاع دے کر ایمرجنسی سروس کی عملی استعداد کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ رات گئے ہونے والی اس مشق میں کیپٹل ایمرجنسی سروس کےبروقت رسپانس پر مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی حقیقی ایمرجنسی میں فوری ردعمل انسانی جانوں کے تحفظ اور نقصانات کو کم سے کم رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کیپٹل ایمرجنسی سروس کو جدید گاڑیاں، ضروری آلات اور درکار وسائل فراہم کرے گی تاکہ اسلام آباد میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی استعداد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور قائم مقام ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔