وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سری ویراتنے کی ملاقات،سری لنکن کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی بارے اطمینان کا اظہار

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر)فریڈ سری ویراتنے نے ملاقات کی جس میں سری لنکا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے مینجرز، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی شریک تھے۔ پی سی بی کے مطابق ملاقات کے …

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر)فریڈ سری ویراتنے نے ملاقات کی جس میں سری لنکا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے مینجرز، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی شریک تھے۔

پی سی بی کے مطابق ملاقات کے دوران چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے سری لنکن ٹیم کو فراہم کی گئی فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کے لیے بہترین اور موثر اقدامات کیے ہیں۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے سٹيٹ گیسٹ ہیں، ان کی فول پروف سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہمان کھلاڑیوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور حکومت پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے اختتام پر سری لنکن ہائی کمشنر نے ایک بار پھر ٹیم کی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستانی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔