
اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبہ میںتعاون بڑھانے سے متعلق اتفاق رائے طے پاگیا ہے۔ یہ اتفاق رائے دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر امپینڈولو کومالو کے درمیان جمعہ کو ملاقات میں طے پایا۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات اور دفاعی پیداوار، ثقافت، سیاحت، زراعت کے علاوہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سفارتی تعلقات 1994 میں قائم ہوئے اور تب سے دونوں ملکوں کے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کو جنوبی افریقہ کی آزادی میں ان کے ساتھ چلنے پر فخر ہے۔ انہوں نے اس بات پرفخر کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی دعوت پر جنوبی افریقہ کے آنجہانی صدر نیلسن مینڈیلا نے پاکستان کا دورہ کیا اور ہمیں ان کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا۔ دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔