وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

100

سول و عسکری قیادت ملک کی تیز رفتار ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہے اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف لڑنے کے لیے ایک ہی صفحے پر ہیں،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کی سول و عسکری قیادت ملک کی تیز رفتار ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہے۔ ملکی سول و عسکری قیادت ریاست مخالف عناصر کے خلاف لڑنے کے لیے ایک ہی صفحے پر موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورت حال ماضی کی نسبت کافی بہتر ہے۔ محمد نواز شریف ملک کے منتخب وزیراعظم ہیں جو ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ ملک میں جب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ہے ملک میں ترقی و خوشحالی آئی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس کا معاملہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیدا ہوا جسے خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف ایک مدبر سیاست دان ہی نہیں بلکہ بے مثال قیادت کے بھی مالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ادارے اور جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے جو خوش آئند ہے۔